پاکستانی مصنوعات کی ڈیوٹی فری رسائی کیلئے تکنیکی مذاکرات شروع کرنے کی تجویز

وفاقی وزیر احسن اقبال نے پاکستانی مصنوعات کی ڈیوٹی فری رسائی کیلئے تکنیکی مذاکرات شروع کرنے کی تجویز دے دی۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات احسن اقبال کی چین کی نیشنل ڈیولپمنٹ اینڈ ریفارم کمیشن کے نائب چیئرمین ژوہائی بن سے بیجنگ میں ملاقات ہوئی۔
وفاقی وزارت منصوبہ بندی کے اعلامیہ کے مطابق مطابق احسن اقبال نے اس موقع پر چین سے پاکستانی مصنوعات کو ڈیوٹی فری رسائی دینے کی درخواست کی۔
انھوں نے چین سے تمام پاکستانی مصنوعات پر صفر درآمدی ڈیوٹی کی تجویز پیش کی، پاکستان نے چین سے افریقی ممالک کی طرز پر یکطرفہ ڈیوٹی فری سہولت دینے کی تجویز دی۔
اعلامیہ کے مطابق چین کے ساتھ موجودہ آزاد تجارتی معاہدے سے الگ ڈیوٹی فری سہولت دینے کی تجویز دی گئی۔
اعلامیہ کے مطابق چین کے ساتھ پاکستانی تجارت میں 19 ارب 63 کروڑ ڈالر کا فرق ہے، مالی سال 2025-26 میں چین سے پاکستان کی درآمدات 22 ارب 34 کروڑ ڈالر رہیں۔
احسن اقبال نے پاکستانی مصنوعات کی ڈیوٹی فری رسائی کیلیے تکنیکی مذاکرات شروع کرنے کی بھی تجویز دی۔
اعلامیہ کے مطابق قراقرم ہائی وے تھور نالہ تا رائے کوٹ سیکشن کے مالیاتی معاہدے کو جلد حتمی شکل دینے پر زور دیا۔ تھاکوٹ تا رائے کوٹ قراقرم ہائی وے کی ازسرنو ترتیب پر 576 ارب روپے لاگت آئے گی، کراچی تا روہڑی سے آگے ایم ایل ون ریلوے کی اپ گریڈیشن میں چینی تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اعلامیہ کے مطابق گوادر بندرگاہ پر باقاعدہ بحری جہازوں کی آمدورفت بحال کرنے کیلئے چین سے تعاون کی درخواست کی گئی، گوادر بندرگاہ پر تیل کے اسٹریٹیجک ذخائر قائم کرنے کیلئے مشترکہ مطالعے کی تجویز دی گئی۔
گوادرفری زون اور ایسٹ بے ایکسپریس وے کے دوسرے مرحلے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، چاغی کے معدنی علاقوں کو گوادر سے ملانے کیلئے راہداری قائم کرنے کی تجویز دی گئی۔
اعلامیہ کے مطابق درآمدی کوئلے سے چلنے والے منتخب بجلی گھروں کو مقامی تھر کوئلے پر منتقل کرنے اور پاکستان کی 10 سال میں 10 ہزار پی ایچ ڈی وظائف دینے کے مشترکہ پروگرام کی تجاویز بھی دی گئیں۔
نائب چیئرمین نیشنل ڈیولپمنٹ اینڈ ریفارم کمیشن چائنہ نے سی پیک کو اقتصادی تعاون کا اہم ستون قرار دیا۔ ژو ہائی بن نے چین سی پیک کے اگلے مرحلے میں پاکستان کی وزارت منصوبہ بندی کے ساتھ کام کرنے کو تیار ہے۔
چینی رہنما ژو ہائی بن نے کہا کہ سی پیک کے اگلے مرحلے میں پاکستان کی ترقیاتی ترجیحات سے ہم آہنگی ضروری ہے، ژوہائی بن نے احسن اقبال کی جانب سے پیش کردہ تجاویز کا خیرمقدم کیا اور تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔




