قومی سلامتی کمیٹی اجلاس؛مسلح افواج کو مکمل جوابی کارروائی کا اختیار دیدیا گیا

اسلام آباد:وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت قومی سلامتی کمیٹی اجلاس میں مسلح افواج کو مکمل جوابی کارروائی کا اختیار دیدیا گیا۔
وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت قومی سلامتی کمیٹی اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیاگیا،اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں شہدا کیلئے فاتحہ خوانی، اہلخانہ سے اظہار تعزیت اور زخمیوں کی صحت یابی کی دعا کی گئی،قومی سلامی کمیٹی نے بھارت کی بلااشتعال بزدلانہ اور جنگی اقدام کی صورتحال پر غورکیا۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ 6اور7مئی کی درمیانی شب بھارت کی جانب سے حملہ کیاگیا، بھارتی افواج نے پاکستان کی سرزمین پر میزائل، فضائی اور ڈرون حملے کئے،قومی سلامتی کمیٹی نے بھارتی غیرقانونی اقدامات کی شدید مذمت کی،بھارتی اقدام پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی قراردیاگیا۔
اعلامیہ کے مطابق بھارت کے اقدام بین الاقوامی قانون کے تحت واضح طور پر جنگی اقدامات کے زمرے میں آتے ہیں،بھارت فوج کی جانب سے معصوم شہریوں، خصوصاً خواتین اور بچوں کو نشانہ بنانا انسانیت کے خلاف جرم ہے،بھارتی اقدام بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے،اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ بھارت کے ہر حملے کا جواب وقت، جگہ اور طریقہ کار خود منتخب کریں گے،مسلح افواج کو مکمل جوابی کارروائی کا اختیار دیدیا گیا۔



