نجکاری سے قومی ایئر لائن کی عظمت رفتہ رفتہ بحال ہو گی: مشیر نجکاری

مشیر نجکاری محمد علی کا کہنا ہے کہ نجکاری سے قومی ایئر لائن کی عظمت رفتہ رفتہ بحال ہو گی، قومی ایئر لائن ایک زمانے میں بہت اچھی ایئر لائن تھی۔
اسلام آباد میں وزیر اطلاعات عطا تارڑ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اداروں کی نجکاری کا عمل 20 سال پہلے شروع ہوا تھا، ماضی میں بہت غلطیاں ہوئیں، نجکاری سے سرمایہ کاری آئے گی۔
محمد علی کا کہنا ہے کہ آج قومی ایئر لائن کے صرف 18 جہاز چل رہے ہیں، قومی ایئرلائن کے آپریشنل 18 میں سے 12 طیارے لیز پر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اب تک قومی ایئر لائن کے 100 طیارے ہونے چاہیے تھے، قومی ایئرلائن سالانہ 40 لاکھ مسافروں کوسہولت فراہم کرتی ہے۔ قومی ایئر لائن کے لینڈ روٹس سب سے بڑا اثاثہ ہیں۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ قومی ایئر لائن کی نجکاری شفاف انداز میں ہوئی، قومی ایئر لائن کی نجکاری ایک تاریخی موقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر نجکاری کے عمل کو براہ راست دکھایا گیا، ماضی میں متعدد بار قومی ایئر لائن کی نجکاری کی کوشش کی گئی، نجکاری کی کوششیں ناکام ہوئیں۔




