پشاور میں پی ایس ایل میچز کروانے کا فیصلہ
خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے میچز منعقد کروانے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی صورتحال سے متعلق کور ہیڈکوارٹر پشاور میں اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی اور قومی سلامتی کے مشیر نے شرکت کی جبکہ اجلاس میں کور کمانڈر پشاور سمیت اعلیٰ سول اور عسکری حکام بھی شریک ہوئے۔
اس حوالے سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا کہ اجلاس میں رواں سال پشاور میں پی ایس ایل میجز کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ملاکنڈ ڈویژن میں صوبائی حکومت کے نظم و نسق کو ماڈل کے طور پر نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ماڈل کو خیبر پختونخوا کے متاثرہ اضلاع خیبر، اورکزئی اور کرم میں مرحلہ وار نافذ کیا جائے گا۔
ان اضلاع میں ترقیاتی منصوبوں کی موثر نگرانی اور عسکری کارروائیوں کا جائزہ لینے کےلیے ذیلی کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ کی سربراہی میں خصوصی ذیلی کمیٹی ماہانہ بنیادوں پر جائزہ اجلاس منعقد کرے گی۔
ذیلی کمیٹی میں عوامی نمائندے، چیف سیکریٹری، آئی جی، صوبائی حکام اور وفاقی اداروں کے نمائندے اور دیگر شامل ہوں گے۔
خصوصی کمیٹی گورننس اور شعبوں میں منصوبوں کی نگرانی کرے گی، کمیٹی مقامی آبادی کی مستقل آمدنی کو یقینی بنانے کےلیے متبادل روزگار کی فراہمی کے مواقع پیدا کرے گی۔ کمیٹی عارضی طور پر بےگھر افراد کے مسائل کے حل کے لیے مؤثر انتظامات بھی کرے گی۔
اعلامیہ میں کہا گیا کہ وفاق اور خیبر پختونخوا کے درمیان دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے مکمل ہم آہنگی اور یکساں موقف کو یقینی بنایا جائے گا۔
نوجوانوں میں شدت پسندانہ سوچ کی روک تھام اور مثبت سوچ کے فروغ کے لیے پائیدار روزگار کے مواقع پیدا کیے جائیں گے۔
اجلاس میں غیرقانونی سم کارڈز، دھماکا خیزمواد، اور بھتہ خوری کے خلاف سخت اقدامات جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔ نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کی مرحلہ وار پروفائلنگ پر توجہ بھی دی جائے گی۔



