ایران سے جنگ کے خطرات، ٹرمپ انتظامیہ کی پالیسیوں پر عالمی سطح پر تشویش اور افراتفری
کراچی (نیوز ڈیسک) ایران سے جنگ کے خطرات: ٹرمپ انتظامیہ کی پالیسیوں پر عالمی سطح پر تشویش اور افراتفری۔ تفصیلات کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کے خلاف سخت گیر موقف اور حالیہ اقدامات نے خطے میں ایک نئی جنگ کا خدشہ پیدا کر دیا ہے، جس پر امریکی ایوان اور بین الاقوامی برادری میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے۔ رپورٹ کے مطابق صدر ٹرمپ کی ایران کے حوالے سے ’’انتہائی دباؤ‘‘ کی پالیسی اور حالیہ فوجی نقل و حرکت نے مشرق وسطیٰ کو ایک بڑے تصادم کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے۔ واشنگٹن میں اس وقت افراتفری کی صورتحال ہے کیونکہ صدر کے بعض قریبی مشیران براہ راست فوجی کارروائی کے حق میں ہیں، جبکہ پینٹاگون کے اعلیٰ حکام اور اتحادی ممالک نے متنبہ کیا ہے کہ ایران کے ساتھ کسی بھی قسم کی جنگ نہ صرف امریکہ بلکہ عالمی معیشت کے لیے بھی تباہ کن ثابت ہو سکتی ہے۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ کی خارجہ پالیسی میں تسلسل کا فقدان اور اچانک لیے گئے فیصلے سفارتی کوششوں کو نقصان پہنچا رہے ہیں، جس سے خطے میں موجود امریکی مفادات اور فوجیوں کی زندگیوں کو خطرہ لاحق ہو گیا ہے۔




