حکومت نوجوانوں کو جدید مہارتیں فراہم کرنے کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے: وزیرِ اعظم شہباز شریف

وزیرِاعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ نوجوان قوم کا مستقبل ہیں، حکومت اِنہیں جدید مہارتیں فراہم کر کے قومی افرادی قوت کا مؤثر حصہ بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔
وزیرِاعظم شہباز شریف کی زیرصدارت نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی اور پیشہ ورانہ تربیت دینے سے متعلق اعلیٰ سطح کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں وفاقی وزراء مصدق ملک، احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، عطاء اللّٰہ تارڑ، چوہدری سالک حسین، احسن اقبال، شزا فاطمہ خواجہ، وزیرِ مملکت بلال اظہر کیانی، چیئرمین پی ایم یوتھ پروگرام رانا مشہود خان اور چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران وزیرِ اعظم نے چیئرمین پی ایم یوتھ پروگرام رانا مشہود کی سربراہی میں پروگرام کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا اور ہدایت کی کہ نوجوانوں کو تکنیکی و فنی تربیت فراہم کرنے کے اقدامات میں مزید تیزی لائی جائے۔
اُنہوں نے کہا کہ نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن میں اصلاحات کے بعد تربیتی نظام میں بہتری آئی ہے جبکہ بین الاقوامی سرٹیفیکیشن کے ساتھ فنی تعلیم حکومت کی ترجیح ہے۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا ہے کہ پرائم منسٹر یوتھ پروگرام اور وزارتِ خارجہ عالمی سطح پر آئی ٹی، صحت، تعمیرات، سیاحت، لاجسٹکس سمیت مختلف شعبوں میں ملازمت کے مواقع کی نشاندہی کر چکے ہیں، ہائر ایجوکیشن کمیشن 282 جامعات کے فارغ التحصیل طلبہ کو ڈیجیٹل ایپ کے ذریعے ٹریک کر رہا ہے تاکہ روزگار کے اعداد و شمار مرتب کر کے مستقبل کی تعلیمی پالیسی بہتر بنائی جا سکے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ وفاقی وزارتِ تعلیم کے تحت 32 تعلیمی اداروں میں ’میٹرک ٹیک‘ متعارف کروایا جا چکا ہے جبکہ اسی طرز پر ’انٹر ٹیک‘ پروگرام بھی جَلد شروع کیا جائے گا۔




