پیٹرولیم قیمتوں میں مزید کمی متوقع، معیشت پر مثبت اثرات پڑیں گے، صدر ایف پی سی سی آئی
صدر فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) عاطف اکرام شیخ نے کہا ہے کہ عالمی منڈی میں پیٹرولیم قیمتوں میں مزید کمی متوقع ہے، جس سے معیشت پر مثبت اثرات پڑیں گے۔
عاطف اکرام شیخ نے مشرق وسطیٰ میں جنگ بندی سے متعلق مذاکرات اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے متعلق بیان جاری کیا۔
انہوں نے کہا کہ جنگ بندی مذاکرات کی میزبانی اسلام آباد اور پورے پاکستان کےلیے قابل فخر لمحہ ہے، مشرق وسطیٰ میں کشیدگی میں کمی سے دنیا میں امن و استحکام کی نئی امید طلوع ہو رہی ہے۔
صدر ایف پی سی سی آئی نے مزید کہا کہ خطے میں امن و استحکام اور مشترکہ ترقی کےلیے پاکستان کی کاوشیں سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہیں، یقین ہے امریکا ایران مذاکرات کے نتیجے میں مستقل جنگ بندی اور وسیع تر امن پیدا ہوگا۔
اُن کا یہ بھی کہنا تھا کہ پائیدار اقتصادی ترقی کےلیے استحکام ضروری، بزنس کمیونٹی حکومتی سفارتی اقدامات کے ساتھ کھڑی ہے۔
عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی وزیراعظم کی جانب سے پٹرولیم قیمتوں میں حالیہ کمی کا خیر مقدم کرتی ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ عالمی منڈی میں پیٹرولیم قیمتوں میں مزید کمی متوقع ہے، جس سے معیشت پر مثبت اثرات پڑیں گے، تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کےلیے ماحول سازگار ہے، سفارتی کامیابیوں کو معاشی کامیابی میں بدلنا ہو گا۔




