کراچی: شہریوں کو بیرون ملک بھیجنے کا جھانسہ دیکر رقم بٹورنے والا 7 رکنی گروہ گرفتار

کراچی سے شہریوں کو بیرون ملک بھیجنے کا جھانسہ دے کر رقم بٹورنے والا 7 رکنی گروہ پکڑا گیا، ملزمان سے جدید اسلحہ، پولیس کی وردیاں، لیپ ٹاپ اور درجنوں پاسپورٹ برآمد ہوئے ہیں، 50 سے زائد متاثرین بھی سامنے آگئے۔
ایف آئی اے حکام نے کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد بلاک ایل میں کارروائی کی اور شہریوں کو بیرون ملک بھیجنے کا جھانسہ دینے والے 7 رکنی مبینہ گروہ کو گرفتار کرلیا۔
ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے ہیومن ٹریفکنگ سرکل نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ ملزمان نے کئی شہریوں سے رقم بٹوری، شہری کام نہ ہونے کی صورت میں رقم واپس لینے کا تقاضا کرتے تو ملزم اپنے ہی ملازمین کو جعلی پولیس اہلکار بنا کر انہیں خوف زدہ کرتے تھے۔
ملزمان سے جدید ہتھیار، ایمونیشن، پولیس کی وردیاں، لیپ ٹاپ اور درجنوں پاسپورٹ برآمد ہوئے ہیں۔
ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان گزشتہ پانچ سال سے مختلف ناموں سے جعلی ٹریول ایجنسیاں چلارہے تھے۔ ان کے خلاف مختلف دفعات کے تحت مقدمات درج کرلیے ہیں۔




