ایم کیو ایم پر سنگین جرائم کے ثبوت ہیں تو عدالتوں میں پیش کیے جائیں: علی خورشیدی

اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی علی خورشیدی نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم پر سنگین جرائم کے ثبوت ہیں تو سیاسی بیانات کے بجائے عدالتوں میں پیش کیے جائیں۔
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن کے بیان پر ردعمل میں علی خورشیدی نے کہا ہے کہ کراچی کے عوام کو ماضی کی کہانیاں نہیں، آج پانی، بجلی، سڑکیں، سیوریج اور روزگار چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ انتظامی یونٹ کا قیام صوبے کا مقدر بن چکا ہے، شہید بینظیر آباد اور لاڑکانہ کے عوام کو بااختیار بنانا ایم کیو ایم کا مقصد ہے۔
علی خورشیدی نے کہا کہ ایم کیو ایم پر سنگین جرائم کے ثبوت ہیں تو سیاسی بیانات کے بجائے عدالتوں میں پیش کیے جائیں، سیاسی جماعت کے تمام کارکنوں کو اجتماعی طور پر قاتل قرار دینا انصاف نہیں۔
اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی کا کہنا تھا کہ سیاسی الزام تراشی ہے، ماضی کی آڑ میں حال کی ناکامیوں کو چھپانے کی سیاست اب مزید نہیں چلے گی۔




