آزاد کشمیر الیکشن: ایک دن پہلے بسیں بھیج کر دھاندلی کی گئی: شرجیل میمن

سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ الیکشن سے ایک دن پہلے بسیں بھیج کر دھاندلی کی گئی۔ 20 کروڑ کی بسیں بھیج کر عوام کو بیوقوف بنایا جا رہا ہے۔
میرپور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے جان بوجھ کر پری پول دھاندلی پر ایکشن نہیں لیا۔ آزاد کشمیر میں دھاندلی نہیں ہونے دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ن لیگ غیرآئینی، غیر اخلاقی حرکتوں کا نوٹس نہیں لے رہی۔ ن لیگ والے پنجاب میں چور دروازے سے آئے۔
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کے انتخابات کا فیصلہ کشمیری عوام کریں گے۔ وفاقی وزراء اپنی وزارتوں پر توجہ دیں، انتخابی عمل میں مداخلت نہ کریں۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ انتخابات سے قبل ٹرکوں اور بسوں کے ذریعے اثرانداز ہونے کی کوشش ہورہی ہے، کیا اس طرح کشمیری عوام کو خریدا جا سکتا ہے؟ میرپور کے عوام باشعور ہیں، کسی لالچ میں نہیں آئیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ پیپلز پارٹی کے رہنما مبینہ دھاندلی روکنے کے لیے میرپور پہنچے ہیں۔ الیکشن کمیشن وفاقی وزراء کی انتخابی سرگرمیوں کا نوٹس لے۔ ضابطۂ اخلاق کی مبینہ خلاف ورزیوں پر کارروائی کیوں نہیں ہوئی؟ وفاقی وزراء کی انتخابی مہم پر ایکشن کیوں نہیں لیا گیا؟
صوبائی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر اُجاگر کیا، بلاول بھٹو زرداری نے عالمی فورمز پر کشمیر کا مقدمہ پیش کیا۔ عوام پیپلز پارٹی پر اعتماد کریں گے، ٹانگہ پارٹیوں کو ووٹ نہیں دیں گے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ کشمیری عوام کو مالی یا مادی ترغیب سے خریدا نہیں جاسکتا۔ غیرت مند کشمیری ایسے ہتھکنڈوں کو مسترد کر دیں گے۔
انہوں نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ خواجہ آصف کے خلاف کارروائی کیوں نہیں کی گئی؟




