امریکی سرمایہ کار پنجاب میں آج ہی سرمایہ کاری شروع کریں، کل کا انتظار نہ کریں: مریم نواز

امریکی سرمایہ کار پنجاب میں آج ہی سرمایہ کاری شروع کریں، کل کا انتظار نہ کریں: مریم نواز
---فائل فوٹو
—فائل فوٹو 

وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ امریکا سے صحت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت، معدنیات اور توانائی کے شعبوں سے وابستہ اعلیٰ سطح کا کاروباری وفد پنجاب آیا ہے جس کی موجودگی امریکی سرمایہ کاروں کے بحال ہوتے اعتماد کا واضح اشارہ ہے۔

امریکی کاروباری وفد سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا ہے کہ امریکا طویل عرصے سے پاکستان کے اہم ترین اقتصادی شراکت داروں میں شامل رہا ہے اور اب دونوں ممالک کے تعلقات کو سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی اور جدت کے ذریعے مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کو 20 فیصد رعایتی لیز ریٹ فراہم کیے جا رہے ہیں جبکہ 15 سے زائد لائسنس جاری کرنے والے اداروں کو ایک ہی ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر لانے کا منصوبہ زیرِ عمل ہے۔

مریم نواز کا کہنا ہے کہ سرمایہ کار پنجاب میں سرمایہ کاری کا فیصلہ کرتے ہی اپنا کاروبار فوری شروع کریں، این او سیز اور دیگر اجازت ناموں کا عمل بعد میں بھی جاری رہ سکتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ میں سرمایہ کاری کے لیے 3 بڑے منصوبے پیش کیے جا رہے ہیں جن کی مجموعی مالیت 620 ملین امریکی ڈالرز ہے جبکہ آئندہ 3 برس میں مجموعی طور پر 7.1 ارب امریکی ڈالرز کی سرمایہ کاری متحرک کی جا رہی ہے جس میں سے 3.9 ارب امریکی ڈالرز کی سرکاری اور 3.2 ارب امریکی ڈالرز کی نجی شعبے کی سرمایہ کاری شامل ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ پنجاب ٹیکنالوجی کی منتقلی اور فنی تعاون میں امریکی شراکت داری کا خواہاں ہے اور امریکی شراکت داروں کو پنجاب اسٹارٹ اپ فنڈ میں سرمایہ کاری کی دعوت بھی دی۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب معدنی وسائل سے مالا مال صوبہ ہے جہاں 250 ملین ٹن لوہے کی دھات، دنیا کا دوسرا بڑا چٹانی گلابی نمک کا ذخیرہ اور پانچوں دریاؤں میں پلیسر سونے کے ذخائر کی تصدیق ہو چکی ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ چنیوٹ میں 262 ملین ٹن خام لوہا اور 37 ملین ٹن تانبے کے ذخائر موجود ہیں جبکہ 900 ملین امریکی ڈالر کے آئرن پلانٹ اور 1.27 ارب امریکی ڈالرز کی اسٹیل مل سے 20 فیصد منافع متوقع ہے۔

انہوں نے یہ بھی بتایا ہے کہ اٹک کے 25 مربع کلو میٹر علاقے میں 4 ارب امریکی ڈالرز مالیت کے پلیسر سونے کے ذخائر کی نشاندہی کی جا چکی ہے۔



50% LikesVS
50% Dislikes
August 2026
M T W T F S S
 12
3456789
10111213141516
17181920212223
24252627282930
31  

اپنا تبصرہ بھیجیں