سیکیورٹی فورسز کا شمالی وزیرستان میں آپریشن، 5 بھارتی حمایت یافتہ خوارج ہلاک

سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیا، جس کے دوران 5 بھارتی حمایت یافتہ خوارج ہلاک کردیے گئے۔
مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے میں میجر حافظ احسان الہٰی شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق میجر حافظ احسان الہٰی نے اپنے دستوں کی قیادت کرتے ہوئے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔
شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق مارے گئے خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا۔ ہلاک دہشت گرد سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مارے گئے خوارج بےگناہ شہریوں کے قتل میں بھی ملوث تھے، علاقے میں موجود دیگر ممکنہ خوارج کے خاتمے کے لیے سرچ اینڈ کلیرنس آپریشن جاری ہے۔
مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سیکورٹی فورسز کی عزمِ استحکام کے وژن کے تحت دہشت گردی کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں وطن عزیز کی حفاظت اور سلامتی یقینی بنانے کے ہمارے غیر متزلزل عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔




