یومِ استحصالِ کشمیر، وزراء و سیاسی رہنماؤں کا کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی

یومِ استحصالِ کشمیر، وزراء و سیاسی رہنماؤں کا کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی
---فائل فوٹو
—فائل فوٹو

یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر سیاسی رہنماؤں نے کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے بھارت کے 5 اگست 2019ء کے اقدامات کو غیر قانونی اور عالمی قوانین و اقوام متحدہ کی قراردادوں کے منافی قرار دیا ہے۔

پاکستان کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کی حمایت جاری رکھے گا: اسحاق ڈار

نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بھارت کے 5 اگست 2019ء کے یکطرفہ اقدامات غیر قانونی اور عالمی قوانین کے منافی تھے، پاکستان یومِ استحصالِ کشمیر پر کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت کا اعادہ کرتا ہے اور ان کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت ہر سطح پر جاری رکھے گا۔

اسحاق ڈار نے بھارت سے مطالبہ کیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی متنازع آئینی حیثیت تبدیل کرنے والے تمام اقدامات واپس لیے جائیں۔

دفترِ خارجہ کا کشمیری عوام کی جدوجہد کی حمایت کا اعادہ

ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق پاکستان 5 اگست 2019ء کے بھارتی غیر قانونی اور یک طرفہ اقدامات کے خلاف یومِ استحصالِ کشمیر منا رہا ہے۔

دفترِ خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان نے مقبوضہ کشمیر کے عوام کی جرأت، استقامت اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

کشمیر بنے گا پاکستان کی آوازیں دنیا میں بلند ہو رہی ہیں: مریم نواز

وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے آزادی کی جدوجہد میں شہداء کے خاندان کے صبر و استقامت کو سلام پیش کرتے ہوئے یو این، انسانی حقوق تنظیموں سے مقبوضہ کشمیر میں سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ 5 اگست 2019ء کا دن کشمیریوں کی شناخت پر حملہ تھا جسے پاکستان کبھی تسلیم نہیں کرے گا، کشمیر بنے گا پاکستان کی آوازیں آج پوری دنیا میں بلند ہو رہی ہیں، مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی سامراج کے ظلم نے آگ بھڑکا رکھی ہے۔

 بھارتی اقدامات یو این کی قرار دادوں کے منافی ہیں: مراد علی شاہ

وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا یومِ استحصالِ کشمیر پر پیغام میں کہنا ہے کہ بھارتی اقدامات اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے منافی ہیں، عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔

چیئرمین سینیٹ کا کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے بھارت کے 5 اگست 2019ء کے اقدامات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ آبادی کا تناسب تبدیل کرنے اور کشمیری شناخت کو مسخ کرنے کی کوششیں ناقابلِ قبول ہیں۔

پشاور میں فیصل کریم کنڈی کی قیادت میں ریلی

پشاور میں یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر گورنر خیبر پختون خوا فیصل کریم کنڈی کی قیادت میں ریلی نکالی گئی۔

ریلی سول سیکریٹریٹ سے گورنر ہاؤس تک گئی، جس میں سول سیکریٹریٹ کے ملازمین اور مختلف شعبوں سے وابستہ افراد نے شرکت کی۔

اس موقع پر گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب کشمیر کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق اپنے مستقبل کا فیصلہ کرے گا، پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے اور ان کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا۔

جبر کشمیریوں کے جذبۂ آزادی کو متزلزل نہیں کر سکتا: ضیاء لنجار

وزیرِ داخلہ و قانون سندھ ضیاء الحسن لنجار نے کہا ہے کہ یومِ استحصالِ کشمیر پر مظلوم کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعادہ کرتے ہیں، بھارت نے بین الاقوامی قوانین اور اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی کی، طاقت، جبر اور پابندیاں کشمیری عوام کے جذبۂ آزادی کو متزلزل نہیں کر سکتیں۔

اویس قادر شاہ کا UN سے مؤثر کردار ادا کرنے کا مطالبہ

اسپیکر سندھ اسمبلی اویس قادر شاہ نے کہا ہے کہ بھارت کے یک طرفہ اقدامات اقوامِ متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ کشمیری عوام گزشتہ 7 برس سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا سامنا کررہے ہیں، جس کے خلاف اقوامِ متحدہ  مؤثر کردار ادا کرے۔

حافظ نعیم الرحمٰن کا جدوجہدِ آزادی جاری رکھنے کا اعلان

امیرِ جماعتِ اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل تک کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی جاری رہے گی۔

انہوں نے کہا ہے کہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کا خاتمہ بھارت کی کھلی دہشت گردی ہے اور یہ معاملہ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کے لیے ایک کھلا چیلنج ہے۔

شیری رحمٰن کا کشمیری عوام کی جدوجہد کو خراجِ تحسین

سینیٹر شیری رحمٰن نے یومِ استحصالِ کشمیر پر کشمیری عوام کو جرأت، استقامت اور جدوجہد پر خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ بھارت کی بی جے پی حکومت کا مقصد مقبوضہ کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کرنا تھا۔

بھارت باہر سے لوگ لا کر مقبوضہ کشمیر میں بسا رہا ہے: امیر مقام

اسلام آباد میں یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر نکالی گئی احتجاجی ریلی کے شرکاء سے وفاقی وزیر امیر مقام نے خطاب کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ہر سال 5 اگست کو کشمیری عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی اور بھارت کے اقدامات کی مذمت کے لیے سڑکوں پر نکلتا ہے۔

وفاقی وزیر امیر مقام نے الزام عائد کیا کہ بھارت باہر سے لوگوں کو لا کر مقبوضہ کشمیر میں بسا رہا ہے۔

مودی سرکار کے انتہا پسندانہ اقدامات امن کیلئے تباہ کن ہیں: نیر بخاری

سیکریٹری جنرل پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز نیر بخاری نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کا خاتمہ جدوجہدِ آزادی روکنے کی ناکام کوشش ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ حقِ خودارایت کی خاطر قربانیاں دینے والے کشمیریوں کو صرف آزادی قبول ہے، مودی سرکار کے انتہا پسندانہ اقدامات خطے کے امن کے لیے تباہ کن ہیں۔



50% LikesVS
50% Dislikes
August 2026
M T W T F S S
 12
3456789
10111213141516
17181920212223
24252627282930
31  

اپنا تبصرہ بھیجیں