اسلام آباد ایئرپورٹ پر خاتون مسافر کی عملے کیساتھ مبینہ بدسلوکی پر مقدمہ درج

اسلام آباد ایئرپورٹ پر خاتون مسافر کی عملے کے ساتھ مبینہ بدسلوکی پر مقدمہ درج کرلیا گیا، ایف آئی اے امیگریشن کی شکایت پر خاتون مسافر رابعہ کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون یو اے ای جانے کے لیے نجی ایئرلائن کے طیارے پر سوار ہونے والی تھیں، خاتون مسافر کو فیملی وزٹ ویزے پر سفر کے دوران جانچ کے لیے روکا گیا، کاغذی ویزے کے باعث ایئر لائن سے او کے ٹی بی ویریفکیشن درکار تھی، خاتون کا بورڈنگ پاس ایئر لائن عملے نے ویریفکیشن کے لیے لے لیا۔
ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا کہ خاتون نے مبینہ طور پر امیگریشن عملے سے بدسلوکی اور مزاحمت کی، خاتون نے مبینہ طور پر دستاویزات اور پاسپورٹ چھین لیا، خاتون نے امیگریشن عملے کو مبینہ طور پر دھمکیاں دیں، ویڈیو سوشل میڈیا پر ڈال دی۔
مقدمے کے متن میں کہا گیا کہ مسافر کو عدم تعاون اور مزاحمت پر پرواز سے آف لوڈ کردیا گیا، خاتون مسافر کو مزید کارروائی کے لیے تھانہ اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ منتقل کیا گیا اور پاسپورٹ، موبائل فون، 17 ہزار روپے نقدی، ہینڈ بیگ، ٹرالی بیگ تحویل میں لیے گئے۔




