لاہور: تھانے میں دو خواتین کی ہلاکت، خاتون کے بازو اور کلائی پر انجکشن کے نشانات، ذرائع

لاہور کے تھانا ٹاؤن شپ میں دو خواتین کی موت کے معاملے میں میڈیکل بورڈ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک خاتون کے بازو اور کلائی پر انجکشن لگانے کے نشانات پائے گئے۔
میڈیکل بورڈ ذرائع کے مطابق خواتین کو تھانے لانے اور موت کے درمیان ساڑھے 3 گھنٹے کا وقت رہا۔ خواتین کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں کوئی خاص فرق نہیں۔
دوسری جانب پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں خواتین کو تھانے لانے کے بعد تلاشی نہیں لی گئی، خواتین کو تھانے لانے کے وقت لیڈیز اہلکار موجود نہیں تھیں۔
ذرائع نے بتایا کہ دونوں خواتین کو 15 کی کال پر تھانے لایا گیا تھا۔ خواتیں تھانا محرر کے پاس 2 گھنٹے تک بیٹھی رہیں۔ محرر خواتین کو لیڈیز لاک اپ بھیجنے کی تیاری کر رہا تھا۔
ذرائع کے مطابق مقدمہ درج کر کے خواتین کو انویسٹی گیشن پولیس کے حوالے کردیا گیا تھا، جیل بھیجنے کی تیاری کے دوران دونوں خواتین گر پڑیں۔ تھانے کے انویسٹی گیشن ونگ کے کمرے میں سی سی ٹی وی کیمرہ نہیں۔
پولیس کے مطابق لیڈیز پولیس اہلکار داتا دربار ڈیوٹی پر تھیں، خواتین کو لیڈیز حوالات میں بند کرنے سے پہلے تلاشی لی جاتی ہے۔
دوسری جانب طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ دونوں خواتین کی ہلاکت زہریلی چیز کھانے یا کھلائے جانے سے ہو سکتی ہے۔ خواتین کی موت کا تعین فرانزک کے نمونوں اور اجزا سے ہوسکتا ہے۔




