سیاسی مخالفت کو دشمنی میں نہیں بدلنا چاہیے، نواز شریف

حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف نے کہا ہے کہ سیاسی مخالفت کو دشمنی میں نہیں بدلنا چاہیے، ن لیگ نے ہمیشہ مخالفین سے اچھا سلوک کیا۔
مری میں مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی اجلاس سے خطاب میں نواز شریف نے کہا کہ آزاد کشمیر انتخابات میں کامیاب ہونے والے امیدواروں کو مبارک باد دیتا ہوں، آزاد کشمیر کو زیادہ سے زیادہ فنڈز دینے چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ ن لیگ کے اچھے امیدواروں کی شکست کے عوامل کو بھی دیکھنا ہوگا۔
نواز شریف نے مزید کہا کہ انتخابات کے 2 مرحلوں میں ن لیگ کو کامیابی ملی، عوام نے ایک بار پھر ن لیگ پر اعتماد کا اظہار کیا ہے، اگر ن لیگ نے ڈلیور نہیں کیا تو یہاں کے لوگ ناراض ہوں گے۔
اُن کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر میں سڑکیں اور اسپتال بننے چاہئیں، اے جے کے کا بچہ بھی چاہتا ہے کہ اس کے ہاتھ میں لیپ ٹاپ ہو، ملک آگے بڑھ رہا ہے، شہباز شریف کی محنت رنگ لا رہی ہے۔
صدر مسلم لیگ ن نے یہ بھی کہا کہ جس طرح پنجاب بدل رہا ہے اسی طرح آزاد کشمیر کو بھی بدلنا چاہیے، اب عوام کے اعتماد کو ٹھیس پہنچانے کی گنجائش نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ امید نہیں تھی کہ پیپلز پارٹی کی طرف سے کوئی شکایت کا موقع ملے گا، آزاد کشمیر میں پی پی پی کا وزیراعظم تھا۔
نواز شریف نے کہا کہ کچھ شکایات ہم تک پہنچیں جس کا مجھے افسوس ہوا، ماضی میں آزاد کشمیر کی حکومت عوامی امنگوں پر پوری نہ اتر سکی، یہاں کے عوام کی فلاح و بہبود ترجیح ہے۔




