حالات خراب ہونے کے باوجود مریم بی بی نے 11 ارب روپے کا جہاز خرید لیا: حافظ نعیم الرحمٰن

امیرِ جماعتِ اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ ملک کے معاشی حالات خراب ہونے کے باوجود مریم بی بی نے 11 ارب روپے کا جہاز خرید لیا ہے۔
لاہور میں چیئرنگ کراس مال روڈ پر جماعتِ اسلامی کا دھرنا 9 ویں روز میں داخل ہو گیا۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پیٹرول کی قیمتوں پر کمپنیوں کو بے جا مارجن دے رہی ہے، عوام شدید پریشان ہیں اور بیوروکریسی کی مراعات میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ 13 ربیع الاوّل کو ملک گیر ہڑتال کی کال دیں گے جبکہ ستمبر کے پہلے ہفتے میں ملک گیر ہڑتال ہو گی۔
حافظ نعیم نے کہا کہ جماعتِ اسلامی کے دھرنوں میں خواتین سمیت لوگوں کی شرکت بڑھتی جا رہی ہے، ہماری انا کا مسئلہ نہیں، ہم عوام کو ریلیف دلانا چاہتے ہیں۔
امیرِ جماعتِ اسلامی نے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کا دفاعی معاہدہ امتِ مسلمہ کے لیے استعمال ہونا چاہیے۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے یہ بھی کہا کہ حکومت نے گندم کی ایکسپورٹ کی اجازت دے دی ہے جس کی وجہ سے گندم کی قیمت میں اضافہ ہوا ہے۔




