سندھ حکومت دعوے نہیں کرتی، ترقیاتی کام اس کی کارکردگی کا اعلان ہیں، شرجیل میمن

سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سڑکیں اور گھر بن رہے ہیں، بجلی پیدا ہو رہی ہے، سندھ آگے بڑھ رہا ہے۔
کراچی سے اپنے بیان میں شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ حکومت دعوے نہیں کرتی، ترقیاتی کام اس کی کارکردگی کا اعلان ہیں، مالی سال 2025-26 میں سندھ کا ترقیاتی پروگرام 1,018 ارب روپے رکھا گیا۔
انھوں نے کہا کہ بجٹ میں ترقیاتی پروگرام میں 3,642 اسکیمیں شامل ہیں، 5 سالوں میں 5,636 کلومیٹر سڑکیں، 1,460 مختلف اسکیمیں مکمل کیں، سندھ کی ترقی کا سب سے بڑا ثبوت، عوام کو ملنے والی سہولیات ہیں۔
شرجیل میمن نے کہا صحت اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی میں سندھ حکومت کی کاوشوں کی دنیا معترف ہے، سیلاب متاثرین کے لیے 21 لاکھ گھروں کا منصوبہ بے مثال قدم ہے۔
انھوں نے کہا کہ تھرکول منصوبے سے 3,240 میگاواٹ بجلی قومی گرڈ سےعوام کو مل رہی ہے، 3,675 میل نہروں کی لائننگ کے منصوبے مکمل کیے گئے، سندھ نے اپنے وسائل سے قومی ترقی کو تقویت بخشی۔
سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ مخالفین ترقی کا حساب مانگتے ہیں، ہم اعداد و شمار پیش کرتے ہیں، سندھ کی ترقی کسی ایک شہر یا طبقے کی ترقی نہیں، عوام کی ترقی ہے۔
انکا کہنا تھا کہ سندھ کے وسائل اور خدمات سے پورے ملک کے عوام بلا تفریق مستفید ہوتے ہیں۔




