سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن کا اسپتالوں میں فائر سیفٹی کا ہنگامی آڈٹ کروانے کا حکم
سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن نے اسپتالوں میں فائر سیفٹی کا ہنگامی آڈٹ کروانے کا حکم دے دیا۔ سندھ کے تمام سرکاری و نجی اسپتالوں کو فائر سیفٹی کی فوری جانچ کی ہدایت کردی گئی ہے۔
اعلامیہ میں سندھ ہیلتھ کیئر کمیشنن کا کہنا تھا کہ اسپتال انتظامیہ فوری فائر سیفٹی آڈٹ اور عملی مشقیں کرے۔
سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن کا کہنا ہے کہ اسپتال فائر سیفٹی آڈٹ کے نتائج، خامیوں اور اصلاحی اقدامات کی تفصیلی رپورٹ جمع کروائیں۔
فائر سیفٹی سے متعلق سول ڈیفنس، فائر بریگیڈ اور متعلقہ اداروں کی منظوریوں کا ازسرنو جائزہ لینے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
کمیشن نے ہدایت کی کہ اسپتالوں میں فائرسیفٹی سےمتعلق سابقہ معائنوں میں کی جانے والی نشاندہی کا بھی جائزہ لیا جائے۔
اسپتالوں میں فائر الارم سسٹم، فائر ایکسٹنگوشرز اور ایمرجنسی راستوں کی موجودگی یقینی بنائی جائے۔
اسپتالوں میں ایمرجنسی راستے ہر وقت رکاوٹوں سے پاک رکھنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے جبکہ عملے کو فائر سیفٹی اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی تربیت اور باقاعدہ ڈرلز کروانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
اسی طرح آتش گیر اور خطرناک مواد کی محفوظ اسٹوریج اور واضح نشاندہی یقینی بنانے کا حکم دیا گیا ہے جبکہ کہا گیا ہے کہ سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن ضرورت پڑنے پر اسپتالوں کابغیرپیشگی اطلاع معائنہ کرسکتا ہے۔




