محسن نقوی سے بہتر حکمرانی، مؤثر نظام اور اصلاحات کی ضرورت پر اتفاق ہے، ناصر حسین شاہ
وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ نے وزیر داخلہ محسن نقوی کے بیان پر ردعمل میں کہا ہے کہ محسن نقوی سے بہتر حکمرانی، مؤثر نظام اور اصلاحات کی ضرورت پر اتفاق ہے۔
اپنے بیان میں ناصر حسین شاہ نے کہا کہ محسن نقوی سے درخواست ہے کہ معاملے کی حساسیت اور اہمیت کو سمجھیں، انتظامی اصلاحات اور صوبوں کی تشکیلِ نو دو مختلف معاملات ہیں۔
ناصر شاہ نے کہا کہ صوبے محض انتظامی یونٹ نہیں، ان کی تاریخ، شناخت، ثقافت، زبان ہے، انتظامی اختیارات عوام کے قریب لانا مقصد ہے تو یہ کام موجودہ آئین میں کیا جاسکتا ہے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ اضلاع، ڈویژنز، تحصیلیں بنائی جا سکتی ہیں، بلدیاتی اداروں کو بااختیار بنایا جا سکتا ہے، سندھ کے عوام اپنی سرزمین، تاریخ اور شناخت پر واضح اور متفقہ رائے دے چکے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ کی تقسیم کا سوال محض ایک انتظامی تجویز نہیں، اصلاحات سے متعلق مثبت تجویز پر بات کرنے کے لیے تیار ہیں، سندھ کی وحدت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔




