سندھ لوکل گورنمنٹ ترمیمی بل 2026ء کا مسودہ تیار، کاپی سامنے آ گئی

سندھ لوکل گورنمنٹ ترمیمی بل 2026ء کے مسودے کی کاپی سامنے آ گئی۔
بل کے مسودے کے مطابق مدت ختم ہونے کے بعد اگلے بلدیاتی انتخابات تک موجودہ میئر یا چیئرمین بطور ایڈمنسٹریٹر کام جاری رکھے گا، حکومتِ سندھ کونسل کی مدت ختم ہونے سے 120 روز پہلے نئے بلدیاتی انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن کو درخواست دے گی۔
ڈپٹی میئر یا وائس چیئرمین کونسل کا کنوینر ہو گا اور اس کے پاس اجلاسوں کی صدارت اور کاروبار چلانے کا اختیار بھی ہو گا، میئر یا چیئرمین کی جانب سے تفویض کردہ اضافی اختیارات ڈپٹی میئر یا وائس چیئرمین استعمال کرے گا اور کے ایم سی سمیت میٹروپولیٹن کارپوریشنز کے لیے میٹروپولیٹن کمشنر ہی چیف ایگزیکٹو ہو گا۔
مسودے کے مطابق یونین کونسل، یونین کمیٹی، ٹاؤن کمیٹی اور میونسپل کمیٹی میں عوامی تنازعات کے لیے مصالحتی فورم قائم ہو گا، مصالحتی فورم 3 مصالحت کاروں پر مشتمل ہو گا، فورم کے لیے مقامی معتبر افراد میں سے نامزدگی کی جائے گی۔
ایس ایچ او مقامی عوامی تحفظ اور امن و امان سے متعلق یونین چیئرمین سے رابطہ کرے گا، جب کہ ایس ایس پی مؤثر پولیسنگ کے لیے ضلعی کونسل کے چیئرمین یا کارپوریشن میئر سے رابطہ کرنے کا پابند ہو گا۔
مسودے کے مطابق پولیس رابطہ ضلعی پولیس انتظامیہ، فوجداری تفتیش اور استغاثہ کے معاملات تک نہیں پھیل سکے گا، یونین کونسل غیر قانونی تعمیرات اور بلڈنگ کنٹرول خلاف ورزیوں کی نشاندہی کر کے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کو بتائے گی، یونین کونسل اپنے علاقے میں ٹھوس کچرے کے مسائل کی نشاندہی کر کے متعلقہ حکام کو معلومات فراہم کرے گی۔
علاوہ ازیں عوامی خدمات سے متعلق انفرااسٹرکچر کی جگہ اور حدود ظاہر کرنے والے تفصیلی نقشے تیار کرنا ہوں گے، لوکل گورنمنٹ کمیشن کو کم از کم ہر 3 ماہ بعد اجلاس منعقد کرنا لازمی ہو گا۔
مسودے کے مطابق منتخب نمائندوں اور بلدیاتی افسران کی تربیت کے لیے کونسلز کو سالانہ بجٹ میں فنڈز مختص کرنا ہوں گے، کونسلز تربیتی پروگرام خود نافذ کرنے یا مناسب صورت میں آؤٹ سورس کرنے کی مجاز ہوں گی، خواتین اور معذور افراد کو درپیش مسائل اور کونسل میں شرکت سے متعلق جامع رپورٹس جمع کروانا ہوں گی۔




