190 ملین پاؤنڈ کیس، بشریٰ بی بی کی سزا کیخلاف اپیل کی جلد سماعت کیلئے درخواست دائر

بشریٰ بی بی - فوٹو: فائل
بشریٰ بی بی – فوٹو: فائل

190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل کیس میں بشریٰ بی بی نے سزا کے خلاف اپیل کی جلد سماعت کی درخواست دائر کردی۔

اڈیالہ جیل میں قید سابق خاتونِ اول بشریٰ بی بی نے آنکھوں کی بگڑتی ہوئی حالت کے باعث وفاقی آئینی عدالت سے سزا معطلی کی اپیل جلد سماعت کے لیے مقرر کرنے کی درخواست کردی۔

بشریٰ بی بی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر کی جانب سے درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ اپیل 21 ستمبر سے شروع ہونے والے ہفتے میں سماعت کے لیے مقرر کی جائے۔

درخواست کے مطابق بشریٰ بی بی کو 17 جنوری 2025 کو قومی احتساب آرڈیننس کے تحت معاونت کے الزام میں 7 سال قیدِ بامشقت کی سزا سنائی گئی۔

اس میں کہا گیا کہ سزا معطلی کی درخواست اسلام آباد ہائی کورٹ میں ایک سال تین ماہ سے زائد زیر التوا رہی، 16 مرتبہ سماعت کے لیے مقرر ہوئی اور 30 اپریل کو مسترد کردی گئی۔

درخواست میں کہا گیا کہ اس فیصلے کے خلاف 31 جولائی کو وفاقی آئینی عدالت میں اپیل دائر کی گئی جو تاحال سماعت کے لیے مقرر نہیں ہوئی۔

جلد سماعت کی درخواست میں بشریٰ بی بی کی طبی حالت کو بنیادی وجہ قرار دیا گیا ہے۔ طبی ریکارڈ کے مطابق 28 مارچ کو ان کی دائیں آنکھ میں پوسٹیریئر وٹریئس ڈیٹچمنٹ کی تشخیص ہوئی۔

بینائی اچانک متاثر ہونے پر 16 اپریل کو الشفا ٹرسٹ آئی ہسپتال میں ان کی سرجری کی گئی۔

درخواست کے مطابق 24 جولائی کو معائنے میں بائیں آنکھ میں بھی اسی بیماری کے بڑھنے کی نشاندہی ہوئی، جس کے بعد 29 جولائی اور 5 اگست کو مزید طبی معائنے کیے گئے۔

بیرسٹر سلمان صفدر کے توسط سے جمع کروائی گئی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ بیماری دونوں آنکھوں کو متاثر کر رہی ہے اور مزید تاخیر بشریٰ بی بی کی بینائی کے لیے خطرہ بن سکتی ہے۔

درخواست میں کہا گیا کہ سزا معطلی کا معاملہ مجموعی طور پر تقریباً 19 ماہ سے زیر التوا ہے اور اس تاخیر کی ذمہ داری بشریٰ بی بی پر عائد نہیں ہوتی۔

خیال رہے کہ بشریٰ بی بی کو 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل کیس میں 17 جنوری 2025 کو 7 سال قید بامشقت کی سزا سنائی گئی تھی۔



50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں