پشاور ہائیکورٹ: 9 مئی واقعات، پنجاب فرانزک لیب اور نادرا رپورٹس سے متعلق درخواست خارج

پشاور ہائیکورٹ نے 9 مئی واقعات پر پنجاب فرانزک لیب اور نادرا کی رپورٹس کے معاملے پر اسپیشل پراسیکیوٹر کی درخواست خارج کردی۔
جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ نے درخواست پر سماعت کی۔ سماعت کے دوران اسپیشل پراسیکیوٹر نے مؤقف اختیار کیا کہ عدالت میں 9 اور 10 مئی کو ریڈیو پاکستان پر حملے سے متعلق کیس چل رہا ہے۔
اسپیشل پراسیکیوٹر کے مطابق پنجاب فرانزک لیب اور نادرا کی رپورٹس کی بنیاد پر وزیراعلیٰ، سابق وزرا اور دیگر افراد کو مقدمے میں نامزد کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ پولیس نے ویڈیوز یو ایس بی میں فرانزک لیب بھجوائیں، ویڈیوز کو اس طریقے سے فرانزک لیب بھیجنے کا طریقہ درست نہیں، جبکہ ملزمان کے نام ابتدائی چالان میں شامل نہیں تھے اور بعد میں انہیں شامل کیا گیا۔
ریڈیو پاکستان کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ یہ درخواست ملزمان کی جانب سے آنی چاہیے تھی، اسپیشل پراسیکیوٹر اس معاملے کو چیلنج نہیں کرسکتے۔
فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر پشاور ہائیکورٹ نے اسپیشل پراسیکیوٹر کی درخواست خارج کردی۔




