راولپنڈی: مدرسے جانے کیلئے گھر سے نکلی 15 سالہ لڑکی مبینہ زیادتی کے بعد قتل

راولپنڈی کے علاقے خیابان سر سید ڈھوک نجو میں 15 سال کی لڑکی کو مبینہ زیادتی کے بعد قتل کر دیا گیا۔
پولیس کے مطابق موقع سے شواہد اکٹھے کر کے لاش پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق مقتولہ کی لاش گھر کے قریب سے دوسرے گھر سے برآمد کر لی گئی، 15 سالہ لڑکی گزشتہ رات گھر سے لاپتہ ہوئی تھی جس کے بعد بچی کے اغواء کا مقدمہ کل تھانہ پیرو دھائی میں درج کیا گیا تھا۔
ایف آئی آر کے مطابق مقتولہ گھر سے مدرسہ جانے کے لیے نکلی تھی اور واپس نہیں آئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کی شناخت ممریز کے نام سے ہوئی ہے جو مقتولہ کا خالو بھی ہے۔
مقتولہ لڑکی کے والد کا ویڈیو بیان سامنے آگیا
علاوہ ازیں مقتولہ لڑکی کے والد نے ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ میری بیٹی گزشتہ روز 2 بجے سے غائب تھی، آج میری بیٹی کی لاش گھر کے قریب میرے ہم زلف کے گھر سے ملی۔
دوسری جانب سی پی او حسن مشتاق سکھیرا نے واقعے میں ملوث ملزم کو فوری گرفتار کرنے کا حکم دے دیا ہے۔




