کے پی حکومت نے عوام کو ٹرک کی بتّی کے پیچھے لگا دیا، اے این پی
عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے رہنما میاں افتخار حسین نے کہا ہے صوبائی حکومت عوام کو ٹرک کی بتی کے پیچھے لگانے کی کوشش کررہی ہے، صوبے کی حالت کو نظر انداز کرکے وزیراعلیٰ کنٹینر پر ڈرامے رچانے میں مصروف ہے۔
نوشہرہ، کنڈرو رسالپور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میاں افتخار حیسن کا کہنا تھا اپنے لیڈر کیلئے جدوجہد کرنا ان کا حق ہے مگر پختونخوا کے عوام کا کیا قصور ہے۔
اے این پی رہنما کا کہنا تھا کہ موجودہ اور سابق وزیراعلیٰ آپس میں لڑ رہے ہیں، صوبہ تباہ ہورہا ہے، ان کو عوام نے منتخب نہیں کیا، یہ سیلیکٹ ہوکر آئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو رہا کرانا نہ ان کے بس کی بات ہے اور نہ یہ لوگ اس میں سنجیدہ ہیں۔
میاں افتخار حیسن نے کہا کہ مہنگائی نے عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے مگر حکمرانوں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی، عوام دو وقت کی روٹی کیلئے پریشان ہیں، اراکین اسمبلی مزے کررہے ہیں۔
انہوں نے سوال کیا کہ این ایف سی ایوارڈ اور اٹھارہویں آئینی ترمیم پر عملدرآمد کیلئے اب تک صوبائی حکومت نے کیا عملی اقدام کیا ہے۔




