وزیراعظم کی چھوٹے، درمیانے کاروبار کیلئے قرض کی مالیت بڑھانے کی ہدایت

وزیراعظم کی چھوٹے، درمیانے کاروبار کیلئے قرض کی مالیت بڑھانے کی ہدایت

وزیراعظم شہباز شریف نے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری افراد کے قرضوں کی مالیت بڑھانے کی ہدایت کردی۔

اسلام آباد میں وزیراعظم کی زیر صدارت سمیڈا سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں جاری اصلاحات، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کے فروغ کے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ سمیڈا کو ایک مرکزی پلیٹ فارم میں تبدیل کیا جا رہا ہے، ادارہ تربیت اور کاروبار کےلیے مالی معاونت کے حصول میں سہولت فراہم کرے گا۔

بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ شہریوں کی سہولت کے لیے اے آئی پر مبنی ہیلپ لائن قائم کی جا رہی ہے، جس کے ذریعے مقامی زبانوں میں معلومات اور رہنمائی فراہم کی جائے گی۔

بریفنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ عالمی ای کامرس کمپنی اور سمیڈا کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہو چکے، معاہدے کے تحت 2 سال میں 10 ہزار ایس ایم ایز کو تربیت فراہم کی جائے گی۔

اجلاس کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ ایس ایم ایز میں ملکی معیشت کو فروغ دینے کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے، اصلاحات کا محور چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری افراد کو بااختیار بنانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پسماندہ علاقوں کے عوام کو بااختیار بنانے سے بڑے شہروں کی جانب نقل مکانی کم ہوگی، سمیڈا کاروبار کےلیے قرضوں کے حصول کے طریقہ کار سے آگاہی کے لیے جامع لائحہ عمل مرتب کرے۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کے قیام کے لیے فیزیبلٹی اسٹڈیز ماہرین سے تیار کروائی جائیں، فیزیبلٹی اسٹڈیز کو مقامی زبانوں میں بھی دستیاب بنایا جائے۔

اجلاس کے اعلامیے کے مطابق وزیراعظم کی چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری افراد کےلیے قرضوں کی مالیت میں اضافے کی ہدایت کی اور کہا کہ قرضوں کی مالیت 2028ء تک 1 اعشاریہ 1 ٹریلین روپے سے بڑھا کر 2 اعشاریہ 2 ٹریلین روپے کی جائے۔



50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں