صوبوں سے مشاورت کے بعد جلد گندم قیمت کا اعلان کیا جائے گا، وزیراعظم شہباز شریف

صوبوں سے مشاورت کے بعد جلد گندم قیمت کا اعلان کیا جائے گا، وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ صوبوں سے جلد مشاورت مکمل کرنے کے بعد گندم کی قیمت کا اعلان کیا جائے گا۔

اسلام آباد میں قومی زرعی و غذائی تحفظ کونسل کے پہلے اجلاس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزراء رانا تنویر حسین، مصدق ملک، جام کمال، احد خان چیمہ، احسن اقبال، عطاتارڑ، خالد حسین مگسی، میاں معین وٹو، رانا ثناء اللہ، ہارون اختر، وزیراعلیٰ پنجاب، وزیر زراعت سندھ مخدوم محبوب الزمان شریک ہوئے۔

اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ زراعت ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، زراعت معیشت کو قلیل مدت میں ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کی استعداد رکھتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ کسانوں کی ترقی، انہیں سہولتیں فراہم کرنے کے لیے محنت کر رہے ہیں، لائیو اسٹاک کا شعبہ بھی ملکی برآمدات بڑھانے کی وسیع استعداد رکھتا ہے۔

شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ پاکستانی حلال گوشت کی برآمدات میں اضافے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں، وفاقی حکومت صوبوں کو زراعت کی ترقی کے لیے ہر قسم کا تعاون فراہم کرے گی۔

اُن کا کہنا تھا کہ کم لاگت پر کھاد، بیج، مشینری، پانی کے بہتر استعمال کے لیے آلات و تکنیکی صلاحیتوں کی فراہمی اولین ترجیح ہے، چھوٹے و درمیانے درجے کے کسانوں کو ان کی فصل کی صحیح قیمت فراہم کرنا ترجیح ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ملکی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے گندم وافر مقدار میں موجود ہے، گندم کی ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کو کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ گندم کی بوائی سے پہلے اس کی صحیح قمیت کا تعین ضروری ہے تاکہ کسانوں کو محنت کا مناسب معاوضہ ملے، چاہتے ہیں کسانوں کو گندم کی صحیح قیمت اور صارف کو سستی گندم ملے۔

شہباز شریف نے کہا کہ گندم کی قیمت سے متعلق فیصلہ صوبوں کی مشاورت کے ساتھ کیا جائے گا، صوبوں کے ساتھ مشاورت مکمل کرکے جلد گندم کی قیمت کا اعلان کیا جائے گا۔



50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں