افغانستان سے ہونے والی دہشتگردی ہر صورت ختم کریں گے: طارق فضل چوہدری

افغانستان سے ہونے والی دہشتگردی ہر صورت ختم کریں گے: طارق فضل چوہدری

وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ افغانستان سے پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی ہر صورت ختم کریں گے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں طارق فضل چوہدری نے خبردار کیا کہ پاکستان کے خلاف دہشت گردی اور دراندازی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ افغان حکام اپنی سرزمین سے دہشت گردوں کے محفوظ ٹھکانے ختم کریں اور پاکستان میں دراندازی روکنے کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی کے لیے افغان سرزمین استعمال ہوئی تو نتائج کی ذمے داری بھی افغان عبوری حکومت پر عائد ہوگی۔

اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان ہر ضروری اقدام کا حق رکھتا ہے، مسلح افواج ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔

طارق فضل چوہدری نے یہ بھی کہا کہ افغان حکام کی پاکستان کے خلاف الزام تراشی بےبنیاد اور ناقابل قبول ہے، افغانستان الزامات کے بجائے اپنی ذمے داریاں پوری کرے۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان اپنے ملک میں دہشت گردوں کے محفوظ ٹھکانے ختم کرے، استنبول اور دوحہ مذاکرات میں بھی افغان نمائندوں کو شواہد دیے گئے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ مذاکرات کے باوجود افغان عبوری حکومت دراندازی روکنے میں ناکام رہی، پاکستان پر جارحیت مسلط کی گئی تو بھرپور جواب دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اور سیکیورٹی ادارے دراندازی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں، سیکیورٹی اداروں سے عدم تعاون کے باعث خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی نافذ کی گئی۔

طارق فضل چوہدری نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں میں خیبر پختونخوا انتظامیہ کا تعاون حاصل ہے، افغانستان سے ہونے والی دراندازی روکنے کے لیے بھرپور اقدامات جاری ہیں۔



50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں