پاکستان اور قطر کا تجارت، سرمایہ کاری، اقتصادی تعاون پر تبادلہ خیال

وفاقی وزیر تجارت جام کمال اور قطری وزیر مملکت ڈاکٹر احمد بن محمد السید نے تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
دوحہ میں پاکستان قطر مشترکہ ٹاسک فورس کا دوسرا اجلاس ہوا، جس کی صدارت دونوں ممالک کے وزراء نے کی۔
اس موقع پر پاک خلیج تعاون کونسل آزاد تجارتی معاہدے پر جلد دستخط سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں پاکستانی گوشت کی برآمدات پر پابندی کے خاتمے اور قطر کو سرکاری سطح پر چاول کی فراہمی کے مجوزہ معاہدے پر بھی گفتگو ہوئی۔
پاکستان نے قطر کو زراعت، غذائی تحفظ، الیکٹرک گاڑیوں، آئی ٹی، ڈیجیٹل انفرااسٹرکچر، شپنگ اور کراچی حیدرآباد موٹروے سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ دونوں ممالک نے 11 تکنیکی ورکنگ گروپس کو فعال بنانے اور اقتصادی تعاون بڑھانے پر زور دیا۔
وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے ورلڈ انویسٹمنٹ فورم کی سربراہ نان لی کولنز سے بھی ملاقات کی، جس میں علاقائی تعاون اور عالمی اقتصادی چیلنجز پر گفتگو ہوئی۔




