پی ٹی آئی کی 4 فرنچائزز ہیں، مذاکرات کس سے کریں؟ گورنر کے پی فیصل کریم کنڈی

گورنر خیبر پختون خوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ مذاکرات کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، پی ٹی آئی کی 4 فرنچائزز ہیں، مذاکرات کس سے کیے جائیں؟
پشاور میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا ہے کہ صوبائی محکموں کی بریفنگ سننے کے بعد سر پکڑ لیتے ہیں، شہر میں اب جو صفائی ہو رہی ہے، کیا یہ کام پہلے نہیں کیا جا سکتا تھا؟ اس وقت ملازمین ان کے گھروں میں کام کر رہے تھے یا گھر بیٹھے تنخواہیں لے رہے تھے؟
فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ اب جو ملازم گھر بیٹھے تنخواہ لے گا، اسے نوکری سے جانا ہو گا، جرم ثابت ہونے پر سزا اور جزا کا نظام نافذ کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا ہے کہ پشاور کو پھولوں کا شہر کہا جاتا ہے، لیکن سابق حکومت کا لگایا ہوا ایک پھول بھی دکھا دیں۔
گورنر خیبر پختون خوا نے کہا ہے کہ جو جماعت اپنے چیئرمین، جنرل سیکریٹری اور اسپیکر کو نہیں مانتی، وہ ہمیں کیا مانے گی؟ پارٹی کے لوگ آپس میں لڑ رہے ہیں، انہیں خود بتانا چاہیے کہ ان کی اصل فرنچائز کون سی ہے۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے یہ بھی کہا ہے کہ سہیل آفریدی کے وارنٹِ گرفتاری سے متعلق تمام قانونی تقاضے پورے کیے جائیں گے۔




