پہلی بار کچرے کی منتقلی کیلئے جدید مکینیکل نظام متعارف کرا رہے ہیں: میئر کراچی

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کراچی میں پہلی بار کچرے کی منتقلی کے لیے جدید مکینیکل نظام متعارف کرایا جا رہا ہے۔
ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ بلدیاتی نظام میں کوئی خرابی نہیں ہے، اختیارات میں بھی کوئی مسئلہ نہیں، بس کام کرنے کی دلچسپی ہونی چاہیے۔
میئر کراچی نے کہا کہ ہم نے پہل کی، کام کر کے دکھایا ہے، اب شہر کے ہر ٹاؤن میں ترقیاتی کام ہو رہے ہیں، جو بلدیاتی نظام کی کارکردگی کا ثبوت ہے۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ شہر میں سیوریج ٹریٹمنٹ کی سہولت نہ ہونے کے برابر تھی، میں نے کراچی کے شہریوں سے سیوریج ٹریٹمنٹ کے منصوبوں پر کام کرنے کا وعدہ کیا تھا، اب شہر میں پاکستان کا پہلا انڈسٹریل واٹر پارک عملی طور پر قائم کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی میں انڈسٹریل واٹر پارک کا قیام محض کاغذی منصوبہ نہیں تھا، یہ عملی طور پر مکمل کیا گیا اور اس کے قیام کا کریڈٹ قیادت کی جانب سے ملنے والی معاونت کو جاتا ہے۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ مسلم لیگ ن اور اپنی قیادت کی حمایت سے کراچی میں پہلا انڈسٹریل واٹر پارک قائم ہوا ہے، بلاول بھٹو زرداری نے اس منصوبے کا افتتاح کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کے 25 ٹاؤنز میں مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندے موجود ہیں، ان 25 ٹاؤنز میں پیپلز پارٹی، جماعتِ اسلامی اور پی ٹی آئی کی نمائندگی ہے، جن میں جماعتِ اسلامی کے 9 اور پی ٹی آئی کے 3 ٹاؤنز ہیں، شہر کے ساتوں اضلاع میں ترقیاتی کام ہوتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔
میئر کراچی نے یہ بھی کہا ہے کہ بلدیاتی نظام کام کر رہا ہے، ڈیلیور کر رہا ہے، اختیارات اور وسائل نہ ہونے کا مؤقف اختیار کرنے والوں کو بھی اب کام کرتے دیکھا جا رہا ہے۔




