’پارٹی میں گروپ بندی یا تقسیم نہیں‘، پی ٹی آئی سیاسی کمیٹی اجلاس کا اعلامیہ جاری

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سیاسی کمیٹی کے اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا جس میں کہا گیا ہے کہ پارٹی میں کسی قسم کی گروپ بندی یا تقسیم نہیں۔
اعلامیہ کے مطابق پوری جماعت بانی پی ٹی آئی کی قیادت، نظریے اور مشن کے ساتھ متحد ہے۔ پارٹی رہنما اور کارکنان مشترکہ مقاصد کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔
اجلاس میں پی ٹی آئی سیاسی کمیٹی نے ملک کی سیاسی صورتحال، مہنگائی اور امن و امان پر غور کیا گیا ہے۔
سیاسی کمیٹی نے قرار دیا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا، اسپیکر اور دیگر پارلیمنٹیرینز کی حراست غیرقانونی ہے، انہیں فوری رہا کیا جائے۔ منتخب نمائندوں کو حراست میں رکھنا جمہوری اقدار اور عوامی مینڈیٹ کی توہین ہے۔
پارٹی کی سیاسی کمیٹی کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو اسپتال منتقل کیے جانے کی اطلاعات پر تشویش ہے۔ دونوں کے اہلخانہ کو اعتماد میں لیے بغیر اسپتال منتقلی تشویشناک ہے۔
اس کا یہ بھی کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے علاج کےلیے سپریم کورٹ کے حکم پر فوری عملدرآمد کیا جائے۔ بانی پی ٹی آئی کی صحت پر اہلخانہ کو باقاعدگی سے آگاہ رکھا جائے۔
اعلامیہ کے مطابق بارٹی نے مطالبہ کیا کہ بانی پی ٹی آئی کے اہلخانہ کو ملاقات اور عیادت کی سہولت فراہم کی جائے۔ بشریٰ بی بی کیلئے مناسب طبی سہولیات اور اہلخانہ سے ملاقات یقینی بنائی جائے۔
پارٹی کمیٹی کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کی گرفتاری اور ان کے ساتھ روا سلوک کی مذمت کرتے ہیں، بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کو فوری رہا کیا جائے اور ملاقات کی اجازت دی جائے۔
اجلاس کے دوران کمیٹی کا کہنا تھا کہ ایم این اے عادل بازی سمیت دیگر پارٹی رہنماؤں اور کارکنان کی گرفتاریوں پر تحفظات ہیں۔ ایم پی او کے تحت گرفتار تمام پارٹی رہنماؤں اور کارکنان کو فوری رہا کیا جائے۔
اعلامیہ کے مطابق پی ٹی آئی سیاسی کمیٹی کا کہنا ہے کہ سیاسی اختلاف کی بنیاد پر کسی کو انتقام کا نشانہ نہ بنایا جائے۔ عمر ایوب، شیر علی ارباب اور شاہ احد کے گھروں پر چھاپوں اور توڑ پھوڑ کی مذمت کرتے ہیں۔ سیاسی مخالفین کے گھروں اور خاندانوں کو نشانہ بنانا قابلِ مذمت عمل ہے۔
اعلامیہ کے مطابق پی ٹی آئی سیاسی کمیٹی نے ملک میں دہشتگردی کے بڑھتے واقعات پر اظہار تشویش کیا اور کہا کہ دہشتگردی ایک ناسور ہے، اس کے خاتمے کیلئے موثر اور سنجیدہ اقدامات ناگزیر ہیں۔
پی ٹی آئی سیاسی کمیٹی کا کہنا ہے کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ دہشتگردی کیخلاف کارروائیوں کو سیاسی انتقام کیلئے استعمال نہ کیا جائے۔




