پیپلز پارٹی سے کیسے بات ممکن ہے جب آپ ہماری کے پی حکومت پر شب خون ماریں، عامر ڈوگر

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیف وہپ عامر ڈوگر نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی سے کیسے بات ممکن ہے کہ جب آپ ہماری کے پی حکومت پر شب خون ماریں۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے عامر ڈوگر نے کہا کہ ایسے ماحول میں کیا بات ہوسکتی ہے جب ہم 92 منتخب ہوئے، 20 نااہل کر دیے گئے، کیا اس ماحول میں بات ہوسکتی ہے کہ صوبے کا وزیراعلیٰ، اسپیکر اور صوبائی صدر جیل میں ہو؟
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ کیا اس ماحول میں بات کریں جب بانی پی ٹی آئی کی بہنیں، بیوی اور بھانجے بھتیجے جیل میں ہوں؟
عامر ڈوگر نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے جمہوریت کیلئے قربانیاں دیں لیکن افسوس اب بینظیر کے افکار سے ہٹ گئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی اس وقت تک کوشش کرے گی جب تک پارلیمان حقیقی معنوں میں آزاد نہیں ہوجاتی، جب تک عدلیہ آزاد نہیں ہوتی قانون کی بالادستی نہیں ہوتی تب تک کوشش جاری رہےگی۔




