پنجاب اسمبلی: اسپیکر کی برہمی کے باوجود حکومتی و اپوزیشن ارکان ایوان سے غائب رہے

پنجاب اسمبلی میں ارکان اور وزراء کی عدم حاضری کا معاملہ حل نہیں ہو سکا۔ اسپیکر کی برہمی اور ہدایات کے باوجود آج بھی ایوان میں حکومتی اور اپوزیشن ارکان کی تعداد انتہائی کم رہی۔ متعلقہ وزراء بھی ایوان سے غائب رہے۔
پنجاب اسمبلی کا اجلاس 1 گھنٹے 30 منٹ کی تاخیر سے شروع ہوا۔ ایوان میں صرف 27 حکومتی اور 15 اپوزیشن ارکان موجود تھے۔ صرف دو صوبائی وزرا رانا محمد اقبال اور میاں منشاء اللہ بٹ اجلاس میں موجود تھے۔
اپوزیشن لیڈر معین ریاض قریشی نے ارکان کی عدم موجودگی پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ کیا ن لیگ کے ارکان کو اسپیکر اور وزیراعلیٰ پر اعتماد نہیں۔ عوام دو وقت کی روٹی سے ایک وقت کی روٹی پر آ گئے ہیں۔ عوام کے پیسے سے چلنے والے ایوان میں ارکان کی عدم موجودگی پر کروڑوں روپے خرچ ہو رہے ہیں۔
چیف وہپ ن لیگ رانا محمد ارشد کا کہنا تھا کہ جمعہ کے روز ارکان اپنے گھروں کو چلے جاتے ہیں۔ چکوال میں وزیراعلیٰ مریم نواز کی مصروفیات کے باعث بھی ارکان کی ڈیوٹیاں وہاں تھیں۔
وقفہ سوالات میں محکمہ خواندگی سے متعلق چھ سوالات میں سے تین کے جواب دیے گئے جبکہ ارکان کی غیر حاضری کے باعث تین سوالات ملتوی کرنا پڑے۔
متعلقہ وزیر کی عدم موجودگی پر اپوزیشن رکن اعجاز شفیع کا توجہ دلاؤ نوٹس بھی منگل تک ملتوی کر دیا گیا۔
ایجنڈا مکمل ہونے پر پینل آف چیئرپرسن ملک ارشد نے اجلاس پیر کی صبح ساڑھے گیارہ بجے تک ملتوی کر دیا۔




