جنوبی کوریا میں فوجی مشق کے دوران لڑاکا طیارے نے رہائشی علاقے پر بم گرا دیئے
سیئول: جنوبی کوریا میں فوجی مشق کے دوران دو جنگی طیاروں نے غلطی سے شہری علاقے میں آٹھ بم گرا دیے، جس کے نتیجے میں 15 افراد زخمی ہوگئے، جن میں سے دو کی حالت تشویشناک ہے۔
یہ واقعہ مقامی وقت کے مطابق صبح 10:04 بجے شمالی کوریا کی سرحد کے قریب شہر پوچون میں پیش آیا، جہاں جنوبی کوریا کی فضائیہ کے KF-16 جنگی طیارے لائیو فائر مشق کر رہے تھے۔
جنوبی کوریا کی فضائیہ نے اس واقعے پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ معاملے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں اور متاثرین کو معاوضہ فراہم کیا جائے گا۔
مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق، دو افراد کی گردن اور کندھے کی ہڈیاں ٹوٹ گئیں، جبکہ ایک 60 سالہ شہری جو دھماکے کے وقت گاڑی چلا رہا تھا، اس کی گردن میں بم کا ٹکڑا پیوست ہوگیا۔
زخمی شخص نے مقامی میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ “میں گاڑی چلا رہا تھا کہ اچانک ایک زوردار دھماکا ہوا۔ جب ہوش آیا تو میں ایمبولینس میں تھا”۔
فضائیہ نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ “ہمارا KF-16 جنگی طیارہ غیر معمولی طور پر MK-82 بموں کے آٹھ گولے فائرنگ رینج سے باہر گرا بیٹھا،” جس کی وجہ سے شہری آبادی متاثر ہوئی۔ تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ ایک طیارے کے پائلٹ نے غلط کوآرڈینیٹس درج کر دیے، جس کی وجہ سے بمباری غلط جگہ ہوئی، جبکہ دوسرے طیارے نے بم کیوں گرائے، اس بارے میں تحقیقات جاری ہیں۔جنوبی کوریا کی فوج نے تمام لائیو فائرنگ مشقیں معطل کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
اس واقعے میں ایک چرچ اور کئی گھروں کو نقصان پہنچا، جبکہ متاثرہ عمارتوں کی تصاویر میں ٹوٹی کھڑکیاں اور تباہ شدہ چھتیں دیکھی جا سکتی ہیں۔



