جوڈیشل کمیشن اجلاس جاری، جسٹس عتیق شاہ کو پشاور ہائیکورٹ کا چیف جسٹس مقرر کرنے کی منظوری

چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کا اجلاس جاری ہے، جوڈیشل کمیشن نے جسٹس عتیق شاہ کو پشاور ہائی کورٹ کا چیف جسٹس مقرر کرنے کی منظوری دے دی۔
اجلاس میں چاروں ہائی کورٹس کے مستقل چیف جسٹس کی تقرری پر غور کیا جا رہا ہے۔
چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کے لیے جسٹس جنید غفار، جسٹس ظفر راجپوت اور جسٹس اقبال کلہوڑو کے ناموں پر غور کیا جا رہا ہے۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کے لیے جسٹس سرفراز ڈوگر، جسٹس محسن کیانی اور جسٹس میاں گل حسن کے ناموں پر غور ہو گا۔
چیف جسٹس بلوچستان کے لیے جسٹس روزی خان بڑیچ، جسٹس کامران ملاخیل اور جسٹس اقبال کاسی کے ناموں پر غور ہو گا۔
چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ کے لیے جسٹس اعجاز انور، جسٹس عتیق شاہ اور جسٹس ارشد علی کے ناموں پر غور ہو گا۔
جوڈیشل کمیشن میں چیف جسٹس پاکستان، سپریم کورٹ کے 4 ججز اور اٹارنی جنرل شریک ہیں۔
جوڈیشل کمیشن اجلاس میں 2 اراکین حکومت اور 2 اپوزیشن کے شریک ہیں جبکہ پاکستان بار کی نمائندگی احسن بھون کر رہے ہیں۔
اجلاس میں اسپیکر قومی اسمبلی کی نامزد روشن خورشید بھروچہ بھی شریک ہیں جبکہ ہر صوبے کے چیف جسٹس کے لیے صوبائی وزیر قانون، ہائی کورٹ بار نمائندہ اور سابق جج شریک ہیں۔
جوڈیشل کمیشن کے 16 ممبران میں سے کم از کم 9 ممبران کی اکثریت سے چیف جسٹس کا تقرر ہو گا۔
ذرائع نے بتایا کہ 3 بجے بلوچستان ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے تقرری کے لیے اجلاس ہو گا جبکہ ساڑھے 3 بجے اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے لیے 3 سینئر ججز کے نام پر غور ہو گا۔




