کراچی میں تحریک آزادی القدس پاکستان کے تحت مرکزی یوم القدس ریلی نکالی گئی
کراچی میں تحریک آزادی القدس پاکستان کے تحت مرکزی یوم القدس ریلی نکالی گئی، جس میں علماء کرام سمیت سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔
شیعہ علماء کونسل کی جانب سے بھی یوم القدس پر ریلی نکالی گئی، مقررین کا کہنا تھا کہ اسرائیلی مظالم کے باوجود فلسطینی عوام نے بھرپور مزاحمت کی ہے۔
کراچی میں یوم القدس کے موقع پر نمائش چورنگی سے تحریک آزادی القدس پاکستان کے تحت مرکزی ریلی نکالی گئی، جس میں خواتین، مردوں اور بچوں نے شرکت کی، ریلی میں غزہ اور ایران کے تکلیف دہ حالات کی منظر کشی بھی کی گئی۔
ریلی مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی اماں ٹاور پہنچی، جہاں علامہ امین شہیدی، علامہ حسن ظفر نقوی، علامہ صادق تقوی اور مرکزی صدر امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن سید امین شیرازی نے خطاب کیا۔
اجتماع سے صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ، پی ٹی آئی رہنما فردوس شمیم نقوی، جماعت اسلامی کے رہنما معراج الہدیٰ اور کراچی بار کے صدر ایڈووکیٹ عامر نواز وڑائچ سمیت دیگر شخصیات نے بھی اظہار خیال کیا۔
دوسری جانب صدر ریگل چورنگی پر شیعہ علما کونسل کی جانب سے علامہ شہنشاہ حسین نقوی کی قیادت میں ریلی نکالی گئی۔
مقررین کا کہنا تھا کہ القدس کی آزادی کیلئے مسلم دنیا کو متحد ہونا ہوگا۔ فلسطینی عوام کی حمایت جاری رکھنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔




