ایران جنگ، کن معیشتوں کو سب سے بڑا دھچکا لگے گا؟
کراچی (نیوز ڈیسک) ایران جنگ سے کن معیشتوں کو سب سے بڑا دھچکا لگے گا؟ توانائی بحران سے عالمی معیشت کا ہر کونا متاثر، ترقی یافتہ ممالک میں مہنگائی اور شرح سود کا دباؤ پریشا ی کا باعث، خلیجی ممالک براہ راست زد میں، پاکستان، مصر جیسے ممالک زیادہ کمزور، بھارت و ترکی درآمداور کرنسی بحران سے گزر رہے ہیں۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایران جنگ کے باعث عالمی معیشت کو شدید توانائی بحران، مہنگائی اور سست روی کے مشترکہ خطرات لاحق ہو گئے ہیں، جہاں یورپ اور جاپان جیسے ترقی یافتہ ممالک مہنگی توانائی اور درآمدی انحصار کے سبب دباؤ میں ہیں، جبکہ بھارت اور ترکی جیسی ابھرتی معیشتیں تیل کی قیمتوں میں اضافے، کرنسی کمزوری اور مالیاتی سختی سے متاثر ہو رہی ہیں؛ خلیجی ممالک خود بھی اس لیے نقصان اٹھا رہے ہیں کہ آبنائے ہرمز میں رکاوٹ کے باعث تیل و گیس کی برآمدات متاثر ہو سکتی ہیں، جبکہ پاکستان، مصر اور سری لنکا جیسے پہلے سے کمزور ممالک کو ایندھن کی مہنگائی، قرضوں کے دباؤ، ترسیلات میں کمی اور حکومتی اخراجات میں کٹوتیوں جیسے سخت اقدامات کے باعث مزید معاشی مشکلات کا سامنا ہے، جس سے مجموعی طور پر یہ تنازع ایک وسیع عالمی معاشی بحران کی شکل اختیار کر سکتا ہے۔




