3 بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کا عمل شروع کردیا، اویس لغاری

وزیر توانائی اویس لغاری کا کہنا ہے کہ حکومت مسابقتی بجلی مارکیٹ کے قیام کی جانب تیزی سے پیشرفت کررہی ہے، نجکاری پروگرام کے پہلے مرحلے میں 3 بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کا عمل شروع کردیا ہے، دیگر کمپنیوں کو بھی مرحلہ وار نجکاری پروگرام میں شامل کیا جائے گا۔
اویس لغاری سے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ملاقات کی، ملاقات میں پاور سیکٹر اصلاحات، توانائی شعبے کی بہتری اور مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر توانائی نے کہا کہ گزشتہ 2 برسوں میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی، لائن لاسز، مالی خسارے اور گردشی قرضے میں خاطر خواہ کمی آئی، پاور سیکٹر کی اصلاحات کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔
اویس لغاری نے کہا کہ گردشی قرضے میں تقریباً 780 ارب روپے کی کمی لانے میں کامیاب ہوئے ہیں، قومی گرڈ کی ڈیجیٹائزیشن، ٹرانسمیشن نظام کی بہتری اور جدید میٹرنگ انفرااسٹرکچر پر تیزی سے کام جاری ہے، ملک بھر میں تقریباً 1 کروڑ 60 لاکھ بجلی کے میٹروں کو مرحلہ وار ڈیجیٹل نظام پر منتقل کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اے پی ایم ایس کے تحت ٹرانسفارمر کی سطح پر لوڈ مینجمنٹ متعارف کروائی جا رہی ہے، اس سے صارفین کو زیادہ سے زیادہ بلا تعطل بجلی فراہم کی جاسکے گی۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پاور سیکٹر میں جاری اصلاحات اور توانائی کے شعبے کی بہتری کیلئے حکومتی اقدامات قابلِ ستائش ہیں۔




