پاکستان کا سابق امیر قطر شیخ حمد بن خلیفہ الثانی کے انتقال پر کل یوم سوگ کا اعلان
پاکستان نے سابق امیر قطر شیخ حمد بن خلیفہ الثانی کے انتقال پر کل یوم سوگ کا اعلان کردیا۔ کابینہ ڈویژن نے 13 جولائی کو قومی یومِ سوگ کے حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق قومی یومِ سوگ کے موقع پر ملک بھر میں قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔ وزیراعظم کی جانب سے قطر کے سابق امیر کے انتقال پر یومِ سوگ کا اعلان کیا گیا۔
پاکستان نے قطر کی حکومت، شاہی خاندان اور عوام سے اظہارِ یکجہتی کیا۔
خیال رہے کہ قطر کے سابق امیر شیخ حمد بن خلیفہ الثانی آج صبح 74 برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔ ان کی وفات پر قطر میں 4 روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔
شیخ حمد بن خلیفہ الثانی 1995 سے 2013 تک قطر کے امیر رہے۔
صدرِ آصف علی زرداری نے سابق امیرِ قطر شیخ حمد بن خلیفہ الثانی کے انتقال پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شیخ حمد نے قطر کی ترقی اور خطے میں امن کے لیے گراں قدر خدمات انجام دیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے قطر کی قیادت اور عوام سے اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ شیخ حمد بن خلیفہ الثانی کی حکمت اور دور اندیشی نے قطر کو ایک جدید، خوش حال ملک میں تبدیل کیا۔




