پنجاب میں بارشوں سے حادثات، 22 افراد جاں بحق، 183 زخمی

ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عمر عباس نے بتایا ہے کہ پنجاب بھر میں بارشوں سے پیش آنے والے مختلف حادثات میں 22 افراد جاں بحق جبکہ 183 زخمی ہوئے ہیں۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ حالیہ بارشوں کے دوران سب سے زیادہ بارش گوجرانوالہ اور راولپنڈی ڈویژن میں ریکارڈ کی گئی، دریائے راوی اور دریائے ستلج میں پانی کی صورتِ حال معمول کے مطابق ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق شیخو پورہ میں ایک بند میں شگاف پڑا تھا جسے فوری طور پر بھر دیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ پنجاب ڈیولپمنٹ پروگرام کے تحت نئی مشینری حاصل کی گئی ہے، جبکہ گزشتہ سال کے مقابلے میں اس بار 3 گنا کم پانی جمع ہوا ہے۔
عمر عباس نے بتایا کہ مون سون سے قبل بڑے نالوں کی صفائی کا کام مکمل کیا گیا تھا۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے مزید کہا کہ بجلی کا نظام پرانا ہے اور اس حوالے سے مختلف امور کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ دریاؤں کے بیڈ سے تجاوزات اور موجود افراد کو ہٹا دیا گیا ہے، جبکہ دریاؤں کے اطراف متعدد مقامات پر حفاظتی بند بھی تعمیر کیے جا رہے ہیں۔




