مصطفیٰ کمال کے بیان پر سندھ حکومت کے وزیر و ترجمان کا ردِعمل

مصطفیٰ کمال کے بیان پر سندھ حکومت کے وزیر و ترجمان کا ردِعمل
گنہور خان — فائل فوٹو
گنہور خان — فائل فوٹو

حکومتِ سندھ کے ترجمان گنہور خان نے کہا کہ مصطفیٰ کمال احتجاج کا شوق پورا کر لیں سب سے پہلے وفاق سے مستعفی ہو کر دکھائیں۔

ترجمان حکومتِ سندھ گنہور خان، سکھدیو ہیمنانی اور وزیرِ ثقافت و سیاحت ذوالفقار علی شاہ نے مصطفیٰ کمال کے بیان پر ردِعمل دیا۔

گنہور خان کا کہنا ہے کہ مصطفیٰ کمال نے وفاقی وزیر ہوتے ہوئے بھی کبھی وفاق سے کراچی کے حقوق پر بات نہیں کی، این ایف سی ایوارڈ صوبوں کو وسائل دیتا ہے، جو اضلاع میں تقسیم ہوتے ہیں، وفاق پورے صوبے کے لیے وسائل دیتا ہے، کسی سیاسی جماعت کو خوش کرنے کے لیے نہیں۔

ترجمان حکومتِ سندھ سکھدیو ہیمنانی کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم کراچی کے حقوق کی نہیں بلکہ ن لیگ کی ترجمان بن چکی، ترجمانی کے بدلے ہی ایم کیو ایم کو وزارتیں اور پروٹوکول دیے گئے۔

ان کا کہنا ہے  کہ کراچی آج بھی ایم کیو ایم کی تباہ کن سیاست کی قیمت ادا کر رہا ہے، کراچی میں ایم کیو ایم کی بوری بند لاشوں کی سیاست مسلط رہی، 35 سال کراچی پر حکومت کی مگر مسائل کے سوا کچھ نہ دیا۔

انہوں نے کہا کہ کراچی مسلسل وفاقی حکومت کی بے اعتنائی کا شکار ہے، آج پیپلز پارٹی کام کر رہی ہے تو ہمیں ہر شعبے میں ازسرِنو بنیادیں رکھنا پڑ رہی ہیں۔

سندھ حکومت کے ترجمان نے کہا کہ ایم کیو ایم اپنی صفوں میں اتحاد برقرار نہ رکھ سکی وہ کراچی کو کیا متحد کرے گی؟ کراچی کو الگ کرنے کی بات ایم کیو ایم کس کی ایما پر کر رہی ہے؟

ترجمان سندھ حکومت کا کہنا ہے کہ مصطفیٰ کمال نے خود ایم کیو ایم کے را سے منسلک ہونے کے ثبوت دیے تھے۔

وزیرِ ثقافت و سیاحت ذوالفقار علی شاہ کا کہنا ہے کہ تقسیم کی بات کرنے والے خود کئی حصوں میں تقسیم ہو چکے، سندھ کی تقسیم کی بات کرنا کروڑوں سندھیوں کے جذبات کو مجروح کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مصطفیٰ کمال اپنی ناکام اور گرتی ہوئی سیاست کو چمکانے کے لیے غیر آئینی شوشہ چھوڑ رہے ہیں۔



50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں