بلاول بھٹو کا میرپور کے عوام کے نام پیغام، کشمیریوں سے بذریعہ ووٹ فیصلہ کرنے کی اپیل

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بی بی آصفہ بھٹو زرداری کے ہمراہ میرپور کے عوام کے لیے ویڈیو پیغام جاری کر دیا۔
بلاول بھٹو زرداری نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اگر آپ چاہتے ہیں کہ کشمیر کا فیصلہ کشمیری خود کریں تو گھروں سے باہر نکلیں۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ تیر کے نشان پر مہر لگائیں اور پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدواروں کو کامیاب بنائیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کا تجربہ ہے کہ کسی بھی الیکشن کا بائیکاٹ کبھی کامیاب نہیں رہا، اس لیے عوام بھرپور انداز میں اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں۔
انہوں نے کہا کہ اگر آپ اپنے حقوق، حقِ حاکمیت، حقِ ملکیت اور سچ و مفاہمتی کمیشن چاہتے ہیں تو گھروں سے نکلیں اور ووٹ ڈالیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اگر آپ چاہتے ہیں کہ کشمیر کا فیصلہ کشمیری خود کریں تو باہر نکلیں، تیر پر مہر لگائیں اور پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدواروں کو کامیاب بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کو کامیاب کریں تاکہ کشمیر کا فیصلہ کشمیر ہی کرے۔
واضح رہے کہ آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے پہلے مرحلے میں پولنگ جاری ہے جو صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔
عوام بلا خوف ووٹ ڈالنے کیلئے نکلیں: کمشنر میرپور
کمشنر میرپور راجہ طاہر ممتاز اور ڈی آئی جی کامران علی نے حلقہ ایل اے 3 کے وارڈ 16/17 کا دورہ کیا اور انتخابی صورتِ حال کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کمشنر میر پور راجہ طاہر ممتاز نے کہا کہ تینوں اضلاع میں صبح 8 بجے سے پرامن پولنگ کا عمل جاری ہے۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ گھروں سے نکلیں، انتظامیہ کی جانب سے انہیں پُرامن ماحول فراہم کیا جائے گا۔




