ایل اے 27 مظفرآباد ون پر ن لیگ، ایل اے 28 مظفر آباد 2 پر پیپلز پارٹی کامیاب

آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے دوسرے مرحلے کے انتخابات کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق ایل اے 27 مظفر آباد ون پر مسلم لیگ ن کی امیدوار نورین عارف جبکہ ایل اے 28 پر پیپلز پارٹی کے امیدوار بازل علی نقوی نے بازی مار لی۔
مظفر آباد ڈویژن کے حلقہ ایل اے 27 مظفر آباد ون اور ایل اے 28 مظفر آباد ٹو کے 57 پولنگ اسٹیشنز پر 2 اگست کو موسم اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث پولنگ ملتوی کی گئی تھی۔
حلقہ ایل اے 27 مظفر آباد 1 کے تمام 197 پولنگ اسٹیشنز کے مکمل غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم ليگ ن کی نورین عارف 18919 ووٹ لے کر کامیاب ہوئیں جبکہ استحکامِ پاکستان پارٹی کے سردار تبارک علی 18621 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
علاوہ ازیں حلقہ ایل اے 28 مظفر آباد 2 کے تمام 174 پولنگ اسٹیشنز کے مکمل غیر سرکاری نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی کے بازل علی نقوی 28170 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ ن لیگ کے چوہدری شہزاد 26864 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
مظفر آباد ڈویژن میں 21 حلقوں کے انتخابات میں مسلم لیگ ن 15 نشستوں کے ساتھ سرِفہرست ہے جبکہ پیپلز پارٹی کو 6 نشستیں ملی ہیں۔




