سندھ کابینہ نے 135 کلو میٹر طویل مہران ہائی وے پر ٹول ٹیکس نافذ کرنے کی منظوری دے دی
وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیرِ صدارت صوبائی کابینہ کے اجلاس میں مہران ہائی وے پر بھاری تجارتی گاڑیوں کےلیے ٹول ٹیکس کی منظوری دے دی گئی ہے۔
سندھ کابینہ نے 135 کلو میٹر طویل مہران ہائی وے پر ٹول ٹیکس نافذ کرنے کی منظوری دے دی، مہران ہائی وے پر ٹول ٹیکس کا اطلاق بھاری اور تجارتی گاڑیوں پر ہوگا۔
اس موقع پر بریفنگ میں بتایا گیا کہ مہران ہائی وے کو دو رویہ بنانے کا منصوبہ 41 ارب روپے کی لاگت سےجاری ہے، آپریشنل اخراجات کے بعد ٹول ٹیکس سے سالانہ 2 ارب 14 کروڑ روپے مجموعی آمدنی متوقع ہے، آپریشنل اخراجات کے بعد ٹول ٹیکس سے سالانہ ایک ارب 48 کروڑ روپے خالص آمدنی متوقع ہے۔
کابینہ نے گاڑیوں کی مختلف اقسام کے مطابق مقررہ ٹول ریٹ نافذ کرنے کی منظوری دے دی۔
سندھ کابینہ نے ورکس اینڈ سروسز ڈپارٹمنٹ کا روایتی نام بحال کرنے کی منظوری دے دی، ورکس اینڈ سروسز ڈپارٹمنٹ کا نام تبدیل کرکے دوبارہ کمیونیکیشن اینڈ ورکس ڈپارٹمنٹ رکھا جائے گا، محکمے کا نام وفاق اور دیگر صوبوں کی طرز پر کمیونیکیشن اینڈ ورکس ڈپارٹمنٹ رکھا جا رہا ہے
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت شاہراہوں کی پائیدار دیکھ بھال کے لیےخود کفیل مالیاتی نظام متعارف کروارہی ہے۔




