یومِ آزادی، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں تقریبات، رہنماؤں کے خصوصی پیغامات

---فائل فوٹو
—فائل فوٹو

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے یومِ آزادی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ نوجوان نسل کے لیے یومِ آزادی مستقبل سے عہدِ وفا نبھانے کا دن ہے۔

 ان کا کہنا ہے کہ میں نوجوانوں کے ہاتھوں میں قلم، کتاب اور لیپ ٹاپ دیکھنا چاہتی ہوں، ہر فرد کے لیے حقیقی ترقی وہی ہے جس میں کوئی پیچھے نہ رہ جائے۔

وطن سے محبت ایمان کا حصہ ہوتی ہے: جسٹس عالیہ نیلم

 یومِ آزادی کے موقع پر پرچم کشائی کی تقریب سے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وطن سے محبت ایمان کا حصہ ہوتی ہے، ہمارا فرض ہے کہ وطن کی سربلندی کے لیے دن رات محنت کریں، پنجاب کی عدلیہ بہترین انداز میں انصاف کی فراہمی کے لیے کوشاں ہے۔

پاکستان کی ترقی کے لیے ہم سب کو کردار ادا کرنا ہوگا: خواجہ سلمان رفیق

کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی لاہور میں بھی یومِ آزادی کے سلسلے میں پروقار تقریب منعقد ہوئی۔

صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، جہاں انہوں نے جشنِ آزادی کا کیک کاٹا اور ملکی سلامتی و ترقی کے لیے خصوصی دعا کی۔

خواجہ سلمان رفیق کا کہنا ہے کہ پاکستان کی ترقی کے لیے ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

اسپورٹس بورڈ پنجاب میں یومِ آزادی کی تقریب

اسپورٹس بورڈ پنجاب میں یومِ آزادی کے موقع پر پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی۔

سیکریٹری اسپورٹس اور ڈائریکٹر جنرل اسپورٹس پنجاب سمیت افسران اور ملازمین نے تقریب میں شرکت کی۔

سیکریٹری اسپورٹس نے قومی پرچم لہرایا، جبکہ شہدائے پاکستان کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی۔

79 سال گزرنے کے باوجود ہم ایک قوم نہیں بن سکے: مولانا فضل الرحمٰن

قائد جمعیت مولانا فضل الرحمٰن نے یومِ آزادی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ ہمیں آزادی کے مقاصد کو بھی یاد رکھنا ہوگا، یومِ آزادی ہمیں سوچنے کی دعوت دیتا ہے کہ یہ آزادی کس قیمت پر حاصل کی گئی تھی۔ 

انہوں نے کہا کہ 1947ء میں اتحاد، تنظیم اور یقینِ محکم کی بنیاد پر پاکستان معرضِ وجود میں آیا، تاہم 79 سال گزرنے کے باوجود ہم ایک قوم نہیں بن سکے۔

مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ اتحاد کا تقاضا ہے کہ علاقائی، لسانی اور گروہی تقسیم سے بالاتر ہو کر پاکستانی قوم بن کر آگے بڑھیں، قیامِ پاکستان کا مقصد اسلام، خوشحال معیشت اور مستحکم جمہوریت کا قیام تھا۔

حکمرانوں نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے: حافظ نعیم الرحمٰن

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے یومِ آزادی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان کا حصول دو قومی نظریے کی بنیاد و اساس پر ہوا، پاکستان بن گیا، لیکن ہم اس نعمت سے بھرپور استفادہ حاصل نہیں کر سکے، جس نظریے اور مقصد کے لیے پاکستان حاصل کیا گیا تھا، وہ پورا نہیں ہوسکا۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ آج کے پاکستان میں حکمرانوں نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، قرآن و سنت کے نظام کا نفاذ ہی پاکستان کی حقیقی منزل ہے۔

گورنر کےپی نے یومِ آزادی پر پرچم کشائی کی

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے گورنر ہاؤس میں یومِ آزادی کے موقع پر پرچم کشائی کی۔

تقریب میں ایران کے قونصل جنرل علی بنفشہ خواہ نے بھی شرکت کی، اس موقع پر ملک کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے خصوصی دعا کی گئی، گورنر فیصل کریم کنڈی نے ایرانی قونصل جنرل کے ہمراہ 79ویں یومِ آزادی کا کیک بھی کاٹا۔

دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ہمیں ایک ہو کر کام کرنا ہوگا: مزمل اسلم

مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری ملازمین کو طے کرنا ہے کہ اگلے 14 اگست تک ہمیں کیا حاصل کرنا ہے، جب ہم آئے تو خزانے میں پیسے نہیں تھے اور تنخواہیں ادا نہیں کر سکتے تھے، تاہم آج ہم نے بہت کچھ حاصل کیا اور صورتحال بہت بہتر ہوئی ہے۔

مزمل اسلم نے کہا کہ صوبے میں بہت سی مثبت تبدیلیاں لائی گئی ہیں، خیبرپختونخوا کی مضبوطی کے لیے مزید محنت کرنا ہوگی، دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ہمیں ایک ہو کر کام کرنا ہوگا۔

پاکستان کے لیے کسی قربانی سے پیچھے نہیں ہٹیں گے: شہاب علی شاہ

یومِ آزادی کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ نے کہا کہ پاکستان جس مقصد کے لیے بنا، اسے پورا کریں گے، پاکستان کے لیے کسی قربانی سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

مسلح افواج امن اور ترقی کی ضامن ہیں: شزہ فاطمہ

وفاقی وزیر آئی ٹی شزہ فاطمہ خواجہ نے 79 ویں یومِ آزادی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وطن کا دفاع کرنے والے تمام شہدا کو سلام پیش کرتی ہوں، مسلح افواج امن اور ترقی کی ضامن ہیں، عالمی سطح پر دنیا کا پاکستان پر اعتماد سیاسی و عسکری قیادت کی وجہ سے ممکن ہوا، آج پاکستان دنیا بھر میں امن، ترقی، مضبوط دفاع اور ڈیجیٹل پاکستان کے طور پر پہچانا جاتا ہے۔



50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں