ملک بھر میں یومِ پاکستان جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا

ملک بھر میں یومِ پاکستان جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ سندھ، پنجاب، خیبر پختون خوا، بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر بھر میں تقاریب ہوئیں اور ریلیاں نکالی گئیں۔
بلوچستان بھر میں جشن آزادی کی شاندار تقریبات منعقد ہوئیں، چمن، کوہلو، حب، قلعہ عبداللہ، پشین، گوادر، زیارت، نصیر آباد، خضدار سمیت مختلف شہروں میں پرچم کشائی کی تقریبات ہوئیں۔ نوکنڈی میں بلوچ نوجوانوں نے طویل قومی پرچم تھام کر قومی یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔
آزاد کشمیر میں یوم آزادی پاکستان بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ مظفرآباد میں برار کوٹ پوائنٹ کےمقام پر بچوں نے ریلی نکالی۔
میرپور کے ڈویژنل ٹیچنگ اسپتال میں کیک کاٹا گیا، اسپتال کے احاطے میں پودے بھی لگائے گئے۔ نیلم، سماہنی، نکیال اور بھمبر میں بھی جشن آزادی کی تقریبات ہوئیں۔
خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں تاریخی مقامات اور تعلیمی مراکز پر تقریبات کا انعقاد کیا گیا اور وطن کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
سندھ اور پنجاب کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں قومی پرچم لہرانے کی تقریبات ہوئیں، شہریوں نے ریلیاں نکال کر وطن سے اپنی محبت کا ثبوت دیا اور پاکستان کی سلامتی کے لیے دعائیں مانگیں۔




