صدر مملکت نے 355 پاکستانی و غیر ملکی شخصیات کو سول ایوارڈ دینےکی منظوری دے دی

فائل فوٹوز
فائل فوٹوز 

صدر مملکت آصف علی زرداری  نے مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات اور کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی ملکی و غیر ملکی شخصیات کو سول ایوارڈز دینے کی منظوری دے دی۔

سول ایوارڈز دینے کی تقریب آئندہ سال 23 مارچ کو یوم پاکستان پر ہوگی، جس میں 355 شخصیات کو مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی پر ایوارڈز دیے جائیں گے۔

اعزازات حاصل کرنے والوں میں سیاست، فنون لطیفہ، کھیل، سرکاری خدمات، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات شامل ہیں۔

گلوکارہ ترنم ناز اور اداکارہ نشو بیگم کو ستارہ امتیاز دینے کی منظوری دی گئی ہے، اداکارہ غزالہ کیفی، ثانیہ سعید اور ماریہ واسطی جبکہ گلوکار زوہیب حسن کو تمغہ حسنِ کارکردگی سے نوازا جائے گا، گلوکار شیراز اُپل کو تمغہ امتیاز دیا جائے گا۔

کھیلوں سے وابستہ شخصیات میں شوٹر کشمالہ طلعت اور سابق ٹیسٹ کرکٹر صادق محمد کو بھی تمغہ حسنِ کارکردگی سے نوازا جائے گا۔

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر داخلہ محسن نقوی، وفاقی وزراء احد چیمہ اور محمد اورنگزیب جبکہ وزیر مملکت بلال اظہر کیانی کو نشان امتیاز دینے کی منظوری دی گئی ہے۔

ڈی جی آئی بی فواد اسد اللہ، اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان، چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال اور سیکریٹری خزانہ امداد اللہ بوسال کو ہلال امتیاز سے نوازا جائے گا۔

سیکریٹری کامرس جواد پال کو ستارہ امتیاز دیا جائے گا۔

سی ای او ڈریپ ڈاکٹر عبیداللہ کو بھی ستارہ امتیاز سے نوازا جائے گا جبکہ ڈی جی ستھرا پنجاب بابر صاحب دین کو تمغہ امتیاز دیا جائے گا۔

آزاد کشمیر میں شرپسندوں کا جوانمردی سے مقابلہ کرنے والی زوبیہ خورشید راجہ کو تمغہ شجاعت سے نوازا جائے گا، زوبیہ راجہ نے زخمی پولیس اہلکار کو اپنی جان خطرے میں ڈال کر شرپسندوں کے نرغے سے نکالا تھا۔

قانون نافذ کرنے والے اداروں کے 46 شہداء کو ستارہ شجاعت سے نوازا جائے گا۔

گروپ کیپٹن عاصم طارق شہید کو بھی ستارہ شجاعت دینے کی منظوری دی گئی ہے۔

علامہ حافظ طاہر محمود اشرفی کو تمغہ امتیاز سے نوازا جائے گا۔

غیر ملکی شخصیات کے لیے بھی اعزازات دینے کا اعلان کیا گیا، سعودی شہزادہ سعود بن نائف کو ہلال پاکستان سے نوازا جائے گا۔

ترکیہ کے وزیر خارجہ حاقان فدان، وزیر دفاع یاسر گولر اور وزیر تجارت عمر بولات کو ستارہ پاکستان دینے کی منظوری دی گئی ہے۔

قائداعظم محمد علی جناح کے معالجین ڈاکٹر جل رتن جی پٹیل اور ڈاکٹر جل ڈائبو کو بعد از مرگ نشان قائداعظم سے نوازا جائے گا۔

ڈاکٹر خالد عباس الاسدی اور ڈاکٹر پال جیکب بھٹی کو تمغہ امتیاز دیا جائے گا۔



50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں