پیٹرولیم لیوی جگا ٹیکس، مسلط نظام کا عوام سے کوئی تعلق نہیں: حافظ نعیم الرحمان

فوٹو: اسکرین گریب
فوٹو: اسکرین گریب

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے پیٹرولیم لیوی کو بھتے کے بعد جگا ٹیکس بھی کہہ دیا اور کہا کہ یہ نظام جو ہم پر مسلط ہے اس کا عوام سے کوئی تعلق نہیں۔

لاہور کے فیصل چوک مال روڈ پر دھرنے کے شرکاء سے خطاب میں حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ حکومت کے گھٹنے ٹیکنے تک دھرنا جاری رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ گورنر ہاؤس کراچی کے باہر بھی دھرنا جاری ہے، پیٹرولیم لیوی زبردستی کا بھتہ اور جگا ٹیکس ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے پیٹرولیم لیوی کے خاتمے اور فی لیٹر پیٹرول کی قیمت 225 روپے تک لانے کا مطالبہ دہرادیا۔

اُن کا کہنا تھا کہ حکمران ٹولے نے ہمیں ایک مصیبت سے دوچار کردیا ہے، یہ صرف پیٹرول کی قیمت ہی نہیں بڑھاتے بلکہ ٹیکسز میں بھی اضافہ کردیتے ہیں۔

حافظ نعیم الرحمان نے مزید کہا کہ ایک ٹولہ ہے جو ہم پر مسلط ہے، تنخواہ دار طبقے سے 700 ارب روپے ٹیکس وصول کیا گیا۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ حکمران مراعات نہیں چھوڑ سکتے، یہ غریب کا خون نچوڑتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ کے جاگیر دار بتائیں، اُنہوں نے اپنی جاگیروں پر کتنا ٹیکس دیا؟ یہ جاگیردرانہ نظام نہیں چلے گا، یہ غریب کاشتکار کا خون چوستے ہیں۔

حافظ نعیم کا کہنا تھا کہ بڑے بڑے جاگیردار ٹیکس نہیں دیتے، بڑے بیوروکریٹس ٹیکس کھا جاتے ہیں، یہ نظام اب نہیں چل سکتا۔ آج ہم نے دھرنا شروع کردیا ہے اور یہ دھرنا جاری رہے گا۔

اُن کا کہنا تھا کہ یہ نظام جو ہم پر مسلط ہے اس کا عوام سے کوئی تعلق نہیں، جب تک حکومت گھٹنے نہیں ٹیکے گی یہ جدوجہد جاری رہے گی۔ ہم حکومت کو پیچھے دھکیلنے میں کامیاب ہوں گے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حکومت نے کہا ہے ہم نے کمیٹی بنائی ہے، ہمیں آپ کی بریفنگ نہیں چاہیے، آپ کی کمیٹی آپ کو مبارک، ہم کوئی بریفنگ لینے اسلام آباد نہیں جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جس کو آنا ہے یہاں آئے، بات صرف ایک چیز پر ہوگی کہ پیٹرولیم لیوی واپس لو، ان کی کمیٹی کو ہم مسترد کرتے ہیں۔ لیوی کو ختم کرو، دھرنے والوں سے بات کرو اور پیٹرول کی قیمت 225 روپے لیٹر پر لے کر آؤ۔



50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں