ندیم افضل چن کا ن لیگ کو مناظرے کا چیلنج
پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سیکریٹری اطلاعات ندیم افضل چن نے مسلم لیگ (ن) کو مناظرے کا چیلنج دے دیا۔
ایک بیان میں ندیم افضل چن نے مسلم لیگ (ن) پر تنقید کی اور آزاد کشمیر میں من مانے نتائج تیار کرنے کا الزام بھی لگایا۔
انہوں نے مناظرے کا چیلنج دیا اور کہا کہ موازنہ کرلیں کہ کس کے دورے میں ادارے زیادہ بنائے گئے اور کس نے زیادہ بیچے؟
پی پی پی رہنما نے مزید کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے سرکاری ٹرانسپورٹ شروع کی، آپ نے بیچ دی۔ پنجاب یا اسلام آباد میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت کوئی ادارہ دکھادیں۔
دوسری طرف پی پی سینیٹر پلوشہ خان نے کہا کہ آزاد کشمیر میں میچ فکس کرکے جیتنے والے ہمیں عوامی مینڈیٹ کا درس نہ دیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ کشمیر میں بار بار ری پولنگ کرواکر دھاندلی کرنے کی کوشش کی گئی۔
پی پی پی سینیٹر نے کہا کہ کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کے جیتے ہوئے لوگ اپنے ہی حلقوں میں نہیں جاسکتے۔
اُن کا کہنا تھا کہ لاہور پورا پنجاب نہیں ہے، لاہور سے باہر نکلیں تو زمینی حقیقت کا اندازہ ہوگا۔




